Urdu book · انسان کی منزل

خدا اور انسان

Urdu book, p. 71

By Maulana Wahiduddin Khan

خدا اور انسان انتھراپالوجی ایک ڈسپلن ہے۔ اس ڈسپلن کے تحت انسان کی اسٹڈی کی جاتی ہے۔ انتھراپالوجی کے تحت قدیم ترین معلوم زمانے سے لے کر اب تک کی تفصیلی اسٹڈی کی گئی ہے۔ اس اسٹڈی کے ذریعے جو باتیں معلوم ہوئی ہیں ان میں سے ایک اہم بات یہ ہے کہ خدا کا تصور انسان کی فطرت میں نہایت گہرائی کے ساتھ پیوست ہے۔ ہر عورت اور ہر مرد پیدائشی طور پر خدا کے تصور کو لے کر اس دنیا میں آتے ہیں۔ وہ شعوری یا غیر شعوری طور پر مجبور ہیں کہ اس تصور کے ساتھ زندگی گزاریں۔ مزید مطالعہ بتاتا ہے کہ خدا انسان کی ایک لازمی ضرورت ہے۔ انسان ایک توجیہہ طلب حیوان (explanation seeking animal) ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ اپنے وجود اور اپنے اردگرد کی دنیا کی توجیہہ کرے۔ اور یہ ایک حقیقت ہے کہ خدا کو مانے بغیر اس کی توجیہہ ممکن نہیں۔ اسی طرح انسان اپنی محدودیت کی بنا پر اپنے آپ کو بے سہارا محسوس کرتا ہے۔ اس احساس کی تلافی بھی صرف خدا جیسی ایک ہستی کو جاننے سے ہوتی ہے۔ تجربہ بتاتا ہے کہ ہر انسان نا تمام خواہشوں (unfulfilled desires) میں جیتا ہے۔ یہ صرف خدا ہے جس کے ذریعے اس کو تکمیل کی امید ہوسکتی ہے۔ انسان اپنے مخصوص نیچر کی بنا پر یقین (conviction) میں جینا چاہتا ہے۔ اس یقین کا سور س بھی خدا کے سوا اور کوئی نہیں۔ انسان کو اپنی سرگرمیوں کے لیے ایک نشانہ درکار ہے تا کہ وہ مطمئن ہو کر اس کی طرف اپنا سفر جاری رکھے ۔ یہ نشانہ بھی اس کو صرف خدا کے عقیدے کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔ مطالعہ بتاتا ہے کہ دنیا کے تمام عورت اور مرد کسی نہ کسی طور پر خدا کو مانتے ہیں۔ حتیٰ کہ بظاہر منکر خدا (atheist) لوگوں کا بھی یہ حال ہے کہ جب ان پر کوئی کرائسس (crisis) آتا ہے تو وہ بے اختیارانہ طور پر خدا کو پکار اٹھتے ہیں۔ معلوم طور پر اس معاملے میں کسی بھی عورت یا مرد کا کوئی استثناء نہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page