Urdu book · اسلام ایک تعارف

دین رحمت

Urdu book, p. 168

By Maulana Wahiduddin Khan

لوگوں کی مدد کرنا قرآن میں ایمان لانے والے کی صفات یہ بیان کی گئی ہیں کہ وہ خدا کی محبت میں اپنا مال دے، رشتہ داروں کو اور یتیموں کو اور محتاجوں کو اور مسافروں کو اور مانگنے والوں کو اور گردنیں چھڑانے میں (وَ آتَى الْمَالَ عَلَى حُبِّهِ ذَوِي الْقُرْبَى وَ الْيَتَامَى وَ الْمَسَاكِينَ وَ ابْنَ السَّبِيلِ وَ السَّائِلِينَ وَ فِي الرِّقَابِ) البقرہ ۱۷۷ یہ آیت بتاتی ہے کہ کسی آدمی کے اندر جب مومنانہ شخصیت پیدا ہوتی ہے تو خاندان اور سماج کے دائرہ میں اس کا اظہار کن کن صورتوں میں ہوتا ہے۔ فرمایا کہ وہ اپنے ضرورت مند رشتہ داروں کی مالی مدد کرنے لگتا ہے۔ رشتہ داروں سے چونکہ ہر وقت تعلق ہوتا ہے اس لیے اکثر ان سے طرح طرح کی شکایتیں پیدا ہو جاتی ہیں۔ پھر یہ کہ رشتہ داروں سے بظاہر یہ امید نہیں ہوتی کہ وہ شکر گزاری یا نیازمندی کی صورت میں کوئی بدلہ دیں گے ۔ اس لیے اسلام میں بہت زیادہ ابھارا گیا ہے کہ آدمی اپنے ضرورت مند رشتہ داروں کی مالی مدد کرے۔ اسی طرح۔ یتیموں اور محتاجوں کی مدد کرنا مومن کے لیے بہت محبوب ہو جاتا ہے۔ اس کا درمند دل اس بات کی ضمانت بن جاتا ہے کہ وہ کمزوروں کو دیکھ کر انھیں حقیر نہ سمجھے بلکہ ان کی مدد کے لیے دوڑ پڑے۔ یہی معاملہ مسافر کا ہے۔ مسافر اپنے وطن میں جیسا بھی ہو مگر جب وہ اپنے گھر سے دور سفر میں ہوتا ہے تو وہ بھی مختلف پہلوؤں سے ضرورت مند بن جاتا ہے۔ یہاں مومن کا ایمانی احساس متحرک ہو جاتا ہے۔ وہ اس وقت تک مطمئن نہیں ہوتا جب تک مسافر کی ضرورت پوری کرکے اسے فارغ نہ کر دے۔ اسی طرح جو لوگ کسی وجہ سے مسائل کے درمیان گھر جائیں جوکسی سماجی روایت کی بندش میں پھنس کر رہ گئے ہوں۔ ان کے پاس خود اتنا مال نہ ہو کہ وہ اس کو دنے کر وہاں سے چھٹکارا حاصل کرسکیں۔ ایسے لوگوں کو مال دے کر انھیں حالات کی گرفت سے آزاد کرانا بھی مومن کی انسانی خصوصیات میں سے ایک خصوصیت ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page