Urdu book · اسلام ایک تعارف

دین رحمت

Urdu book, p. 179

By Maulana Wahiduddin Khan

احترامِ انسانیت حدیث میں آیا ہے کہ پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ۔ تمام انسان خدا کی عیال ہیں۔ خدا کے نزدیک سب سے زیادہ اچھا انسان وہ ہے جو اس کی عیال کے ساتھ اچھا سلوک کرے (روی عن النبی صلی اللہ علیہ وسلم انہ قال : الخلق کلهم عیال اللہ ، و احب خلق اللہ تعالیٰ الیہ احسنهم ضيعاً إلى عيالهم) ادب الدنیا والدین للبصری ۵۲۷ انسانی سماج کی بہتر تعمیر کے لیے ضروری ہے کہ لوگوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے احترام پایا جائے ، لوگ ایک دوسرے کی عزت کریں ، لوگ ایک دوسرے کے قدرداں بنے ہوئے ہوں ۔ احترام کا یہ جذبہ لوگوں کے اندر کس طرح پیدا کیا جائے ۔ اس کا سب سے زیادہ موثر اور کامیاب طریقہ یہ ہے کہ یہ حقیقت لوگوں کے ذہن نشین کرائی جائے کہ جس خالق نے مجھ کو پیدا کیا ہے اسی خالق نے دوسرے انسانوں کو بھی پیدا کیا ہے۔ تمام انسان گویا ایک خدا کا کنبہ ہیں۔ تمام انسان ایک خدا کے عیال کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ شعور آدمی کے اندر یہ جذبہ پیدا کرتا ہے کہ وہ اپنے اور دوسرے میں فرق نہ کرے ۔ وہ دوسرے کو بھی اتنا ہی قابل قدر سمجھے جتنا وہ خود اپنے آپ کو قابلِ قدر سمجھ رہا ہے۔ کسی انسان کی تحقیر کرتے ہوئے وہ محسوس کرے کہ میں نے خدائی کنبے کے ایک فرد کی تحقیر کی۔ اسی طرح جب وہ کسی انسان کو عزت دے تو وہ اس سے یہ خوشی حاصل کرے کہ اس نے خدائی کنبے کے ایک فرد کو عزت و احترام دیا۔ حقیقت یہ ہے کہ کسی انسان کے لیے اس سے بڑی کوئی سعادت نہیں کہ وہ ایک ایسا عمل کرے جو اس کو یہ خوشی دے رہا ہو کہ میں نے خدائی کنبے کے ایک شخص کو عزت دی ہے۔ خدائی کنبے کے ایک شخص کے ساتھ احترام کا معاملہ کیا ہے۔ یہ نظریہ ایک طرف آدمی کو خدا کی نظر میں قابلِ انعام بناتا ہے۔ اسی کے ساتھ اس کا ایک عظیم فائدہ یہ ہے کہ اس عمل کے دوران انسان کے اندر اعلی احساسات جاگتے ہیں ۔ وہ دوسرے کو عزت دے کر خود اپنے آپ کو ایک باعزت انسان بنا لیتا ہے ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page