Urdu book · اظہارِ دین

آغا زِ کلام

Urdu book, p. 9

By Maulana Wahiduddin Khan

آغازِ کلام دورِ جدید میں اسلام کی تشریح و تعبیر کے دو خاص موضوعات ہیں— ایک وہ ہے جس کو اثباتِ اسلام کہا جا سکتا ہے، یعنی اسلام کی تعلیمات کو عقلی دلائل کی روشنی میں ثابت شدہ بنانا۔ موجودہ زمانے میں عقلی استدلال کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، اِس لیے آج کے انسانی ذہن کو ایڈریس کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مسلّمہ عقلی دلائل کی روشنی میں اسلامی تعلیمات کو واضح کیا جائے ۔ اِس موضوع پر راقم الحروف کی متعدد کتابیں ہیں۔ اُن میں سے ایک کتاب وہ ہے جو اولاً مذہب اور جدید چیلنج کے نام سے چھپی تھی ۔ بعد کو یہ کتاب مختلف عالمی زبانوں میں شائع ہوئی ۔ عربی زبان میں اِس کتاب کا نام 'الإسلام يتحدى' ہے اور انگریزی میں اس کا نام گڈ آرائزرز (God Arises) ہے۔ دورِ جدید کی نسبت سے، اسلام کی جو تشریح و تعبیر کرنا ہے، اس کا دوسرا پہلو وہ ہے جس کو توجیہِ اسلام کہا جا سکتا ہے، یعنی اسلام کی تعلیمات کی عقلی تبیین (rational interpretation of Islam) ۔ زیرِ نظر کتاب اسلام کے اِسی دوسرے پہلو سے تعلق رکھتی ہے۔ اِس کتاب میں یہ کوشش کی گئی ہے کہ اسلام کی اصل آئڈیالوجی کو اس طرح واضح کیا جائے کہ وہ آج کے ذہن کے لیے قابلِ فہم (understandable) ہو سکے۔ نئی دہلی ، 20 دسمبر 2013 وحیدالدین

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page