Urdu book · خاندانی زندگی

خاندانی زندگی

Urdu book, p. 21

By Maulana Wahiduddin Khan

میں نے کہا کہ آپ یا تو اپنے شوہر کے پاس واپس جائیں اور وہاں اپنے لیے اس طرح کی دنیا بنائیں ۔ آپ کے لیے دوسرا آپشن یہ ہے کہ آپ اپنے والد کے ساتھ دعوہ مشن کو اپنی زندگی کا مشن بنائیں ۔ یہ بھی آپ کے لیے ایک قابلِ عمل آپشن ہے۔ لیکن اس کے لیے اپنے آپ کو از سر نو تیار کرنا پڑے گا۔ آپ اپنے مطالعہ کو بڑھائیں، اپنے لائف اسٹائل کو بدلیں ، اپنی زندگی کی از سرِ نو منصوبہ بندی کریں۔ آپ اپنی ترجیحات پر نظر ثانی کریں اور ان کو دوبارہ نئے ڈھنگ سے قائم کریں۔ اگر آپ ایسا کریں تو آپ کو ایک مکمل زندگی حاصل ہو جائے گی ۔ شوہر کے ساتھ اگر آپ کی ایک فیملی اسٹیٹ ہوتی تو اپنے والد کے ساتھ آپ کی ایک دعوہ اسٹیٹ بن جائے گی۔ میں نے کہا کہ اس وقت آپ جو کچھ کر رہی ہیں ، وہ محض جذبات کی بنیاد پر کر رہی ہیں۔ آپ جذبات کے ساتھ بہت دیر تک نہیں رہ سکتیں۔ اس طرح آپ بہت جلد مایوسی کا شکار ہو جائیں گی اور کسی انسان کے لیے مایوسی سے زیادہ بری کوئی چیز نہیں۔ بے مقصد زندگی ایک سفر میں میری ملاقات ایک تعلیم یافتہ مسلمان سے ہوئی ۔ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ رہ رہے تھے۔ ان کا مکان کافی بڑا تھا۔ لیکن اس میں دو کے سوا کوئی اور فرد موجود نہ تھا۔ بظاہر سجے ہوئے مکان کے اندر دو بالکل سادہ انسان رہ رہے تھے۔ گفتگو کے دوران معلوم ہوا کہ ان کے یہاں ایک بیٹی اور ایک بیٹا پیدا ہوا۔ دونوں کو انھوں نے اچھی تعلیم دلائی ، مگر تعلیم کی تکمیل کے بعد دونوں باہر چلے گئے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page