Urdu book · کتابِ معرفت

معرفت الہی

Urdu book, p. 42

By Maulana Wahiduddin Khan

عظمتِ خداوندی کی دریافت مشہور امریکی باکسر محمد علی کلّے (پیدائش: 1942ء) کو جب ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن (World Heavy weight Champion) کا خطاب ملا تو انھوں نے کہا کہ میں دنیا کا بادشاہ ہوں: I am the king of the world. یہی کم و بیش ہر عورت اور ہر مرد کا حال ہے۔ ہر آدمی صرف اپنی ذاتی بڑائی (self glory) کو جانتا ہے۔ کسی نے خدا کی بڑائی کو دریافت نہیں کیا۔ انسان کا وجود ایک تخلیقی معجزہ ہے۔ انسان کو چاہیے کہ وہ اپنے وجود کو خدا کی عظمت (divine glory) کے طور پر دریافت کرے۔ مگر انسان کا حال یہ ہے کہ وہ اپنے وجود میں صرف ذاتی عظمت (self glory) کو دیکھتا ہے، وہ اپنے وجود میں خدا کی عظمت کو دریافت نہیں کر پاتا۔ یہ بلاشبہ تاریخِ انسانی کا سب سے بڑا المیہ ہے۔ مشہور فرانسیسی فلسفی رینے ڈیکارٹ (وفات 1650ء) نے اپنے مشہور قول میں کہا تھا کہ میں سوچتا ہوں، اس لیے میں ہوں (I think, therefore, I exist)۔ یہ کسی انسان کے لیے خود اپنی دریافت کا معاملہ ہے۔ لیکن زیادہ بڑی بات یہ ہے کہ آدمی اپنے وجود میں خدا کے وجود کو دریافت کرے۔ وہ یہ کہہ سکے کہ میں موجود ہوں، اس لیے خدا بھی یقیناً موجود ہے: I am, therefore, God exists یہی معرفت کا آغاز ہے۔ انسان سب سے پہلے اپنی موجودگی کی صورت میں، خدا کی موجودگی کو دریافت کرتا ہے۔ اس دریافت کے بعد اس کے لیے دریافتوں کا لامناہی دروازہ کھل جاتا ہے۔ ہر نئی دریافت اس کی معرفت میں اضافہ کرتی رہتی ہے۔ اس طرح، انسان کے عارفانہ شعور میں مسلسل ترقی ہوتی رہتی ہے۔ معرفت کا لامحدود خزانہ اُس پر انفولڈ (unfold) ہوتا رہتا ہے، یہاں تک کہ انسان یقین اور معرفت کے اعلیٰ درجے تک پہنچ جاتا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page