آخرت کا سفر
Urdu book, p. 581
By Maulana Wahiduddin Khan
این اے میں سرے سے درج نہیں۔ اور وہ موت (death) کا معاملہ ہے۔ غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ زندگی کے تمام معاملات تو ڈی این اے کے کوڈ میں درج ہیں۔ اُنھیں کی مسلسل طور پر ڈی کوڈنگ (de-coding) ہوتی رہتی ہے، مگر موت کا تعلق ڈی این اے سے نہیں۔ ہر ایک کی موت براہِ راست طور پر خالق کے حکم سے آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر ایک کے لیے موت کا وقت الگ الگ ہے۔ لوگوں کی موت کا کوئی یکساں وقت نہیں۔ انسان کو یہ کرنا ہے کہ وہ موت کے بارے میں خود شعوری (self-consciousness) کی صلاحیت اپنے اندر پیدا کرے۔ وہ اس معاملے میں اپنے ڈی این اے سے باہر آ کر سوچے ۔ ایسا کرنے کی صورت ہی میں آدمی موت کی حقیقت کو اپنے ذہن میں تازہ کرے گا۔ ایسا کرنے کی صورت ہی میں یہ ممکن ہوگا کہ وہ موت کے سنگین معاملے کو سمجھے۔ وہ موت سے پہلے کے دورِ حیات میں موت کے بعد کے دورِ حیات کی تیاری کرے۔ انسان ایک ابدی مخلوق ہے۔ ڈی این اے اس ابدیت (eternity) کی تصدیق کرتا ہے۔ مگر خالق نے اپنے تخلیقی پلان کے مطابق، انسان کی طویل زندگی کو دو دوروں میں بانٹ دیا ہے۔ موت سے پہلے کا دورِ حیات، اور موت کے بعد کا دورِ حیات۔ اس تخلیقی پلان کے مطابق، موت سے پہلے کا مختصر دورِ حیات امتحان (test) کے لیے ہے۔ اور موت کے بعد کا طویل تر دورِ حیات ٹسٹ پیریڈ کے ریکارڈ کے مطابق، اپنے عمل کا ابدی انجام پانے کے لیے۔ اس وقت تمام لوگ وقتی خوشی (right here, right now) کے تصور کے تحت جی رہے ہیں۔ وہ حال رخی (present-oriented) زندگی گزار رہے ہیں۔ لیکن اگر انھیں حقیقت واقعہ کا شعور ہو جائے تو ان کی زندگی کا نقشہ بالکل بدل جائے۔ اب آنے والا دن ان کا سب سے بڑا کنسَرن بن جائے۔ وہ ایک مستقل رخی (future-oriented) زندگی گزارنے لگے۔ حال رخی زندگی، تعمیر دنیا کے اصول پر قائم ہے، جب کہ مستقل رخی زندگی آخرت کے لیے تیاری کے اصول پر قائم ہوتی ہے۔ جو لوگ اس حقیقت کو جان لیں، وہی کامیاب ہیں اور جو لوگ اس حقیقت سے بے خبر رہیں، وہی ناکام۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader