Urdu book · کتابِ زندگی

بڑا ظرف

Urdu book, p. 99

By Maulana Wahiduddin Khan

بڑا ظرف لنڈن جانسن (Lyndonn B. Johnson) امریکہ کا 36 واں پریذیڈنٹ تھا۔ وہ 1908ء میں پیدا ہوا، 1973ء میں اس کی وفات ہوئی۔ وہ چاہتا تھا کہ وہ امریکہ کو عظیم سماج (Great Society) بنائے ۔ اس کے لیے اس نے مختلف اقدامات کیے۔ انہی میں سے ایک ہجرت (Immigration) کے قانون میں تبدیلی بھی ہے۔ جانسن نے سب سے زیادہ اہمیت علم اور تعلیم کو دی ۔ اس کا کہنا تھا کہ امریکہ کے مستقبل کے بارے میں ہماری جوامیدیں ہیں اس میں سب سے زیادہ بنیادی اہمیت علم کو ہے: Learning is basic to our hopes for America. امریکہ بیرونی دماغوں کا استقبال کرتا ہے۔ تاہم اس سلسلہ میں جانسن سے پہلے ایک رکاوٹ حائل تھی۔ امریکہ میں سفید فام ماہرین کے داخلہ کے لیے نرم قوانین تھے۔ مگر سیاہ فام ماہرین کے داخلہ کے سلسلہ میں سخت قسم کے قواعد و ضوابط تھے۔ اس کی وجہ سے امریکہ اپنے ترقیاتی عمل میں سیاہ فام ماہرین کو زیادہ استعمال نہیں کر پاتا تھا۔ لنڈن جانسن نے اقتدار میں آنے کے بعد 1965ء میں امریکہ کے قانون ہجرت میں تبدیلی کر دی ۔ اس نے سیاہ فام کے داخلہ سے تمام قانونی پابندیاں اٹھا لیں ۔ اس نے کہا کہ ہمیں لوگوں کی مہارت کی ضرورت ہے، ہمیں ان کے چمڑے کی ضرورت نہیں: We need their skills and not their skins. یہ ایک مثال ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس دنیا میں بڑی ترقی حاصل کرنے کے لیے آدمی کو کیا کچھ کرنا پڑتا ہے۔ وہ یہ ہے کہ وہ لوگوں کی صلاحیت کو دیکھے اور بقیہ تمام پہلوؤں کو نظر انداز کر دے۔ جن کا ذہن دوسرے پہلوؤں میں الجھا ہے وہ کبھی لائق افراد کو اپنے گرد جمع نہیں کر سکتے۔ بڑی کامیابی کے لیے بڑا ظرف درکار ہوتا ہے۔ اس دنیا میں کامیابی کا اصول ایک لفظ میں یہ ہے کہ جتنا بڑا ظرف اتنی بڑی کامیابی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page