Urdu book · کتابِ زندگی

قدرت کا فیصلہ

Urdu book, p. 80

By Maulana Wahiduddin Khan

قدرت کا فیصلہ اگر آپ امریکہ جائیں اور وہاں سے کینیڈا کی طرف سفر کریں تو آپ دیکھیں گے کہ امریکہ اور کینیڈا کی سرحد (Border) پر دونوں ملکوں کے جھنڈے ایک ساتھ لہرا رہے ہیں۔ پاس ہی ایک بورڈ ہے جس کے اوپر بڑے بڑے حرفوں میں لکھا ہوا ہے — ایک ہی ماں کی اولادیں: Children of a common mother یہ بات جو امریکہ اور کینیڈا کی سرحد پر کھلے بورڈ کے اوپر لکھی گئی ہے، یہی بات تمام دوسرے ملکوں کی سرحدوں پر چھپے بورڈوں میں نہ دکھائی دینے والے حرفوں میں لکھی ہوئی ہے۔ یہ دوسرا بورڈ وہ ہے جو قدرت کی طرف سے لگایا گیا ہے۔ پہلا بورڈ انسانی ہاتھوں نے لکھا ہے دوسرا بورڈ خود خدا کے ہاتھوں نے۔ جدید تحقیقات جو مالیکیول حیاتيات (molecular biology) میں ہوئی ہیں، ان سے جینیتی شہادت (genetic evidence) کے ذریعہ خالص سائنسی سطح پر یہ ثابت ہوا ہے کہ تمام دنیا کے لوگ ایک ہی عظیم خاندان (great family) کا حصہ ہیں۔ سب ایک ہی مشترک ماں باپ (common ancestor) سے تعلق رکھتے ہیں (تفصیل کے لیے دیکھیے تعمیر کی طرف، صفحہ 30-28) ایسی حالت میں گویا حقیقت واقعہ وہی ہے جو مذکورہ بورڈ پر امریکہ اور کینیڈا کی سرحد پر نصب کی گئی ہے۔ وہی معاملہ تمام قوموں کا ہے جس کا اعلان امریکہ اور کینیڈا نے اپنے یہاں کیا ہے۔ حیاتياتی حقیقت کا تقاضا ہے کہ ہر قوم اپنے یہاں وہی الفاظ لکھے جو امریکہ اور کینیڈا نے اپنے یہاں لکھ رکھا ہے۔ یہی موجودہ دنیا میں انسان کا امتحان ہے ۔ یہاں آدمی کو اپنے آزاد ارادے سے وہی کام کرنا ہے جو قدرت نے لازمی قانون کے تحت پیشگی طور پر مقدر کر دیا ہے جو چیز قدرت نے اپنے مخفی قلم سے لکھی ہے، اسے انسان کو اپنے ہاتھ سے اپنے صفحۂ حیات پر لکھنا ہے۔ قدرت کے اپنے منصوبے کے تحت چیزوں کی جو اسکیم (Scheme of things) ہے، اس کے مطابق اپنے شعور اور عمل کو ڈھال لینا ہے قدرت کے نقشہ سے مطابقت کا نام تعمیر ہے اور قدرت کے نقشہ سے عدم مطابقت کا نام تخریب۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page