Urdu book · کتابِ زندگی

بڑی ترقی

Urdu book, p. 82

By Maulana Wahiduddin Khan

کامیابی کا ٹکٹ موجودہ زمانہ میں کامیابی حاصل کرنے کی سب سے زیادہ یقینی تدبیر تعلیم ہے ۔ جن لوگوں نے اس راز کو جان لیا ہے وہ اس سے زبردست فائدہ حاصل کر رہے ہیں ۔ 1۔ امریکہ میں ہر سال ایک تعلیمی مقابلہ ہوتا ہے جس میں پورے ملک کے طلبہ شریک ہوتے ہیں ۔ اس میں امریکہ کے چھ ممتاز سائنسی طلبہ (Top 6 science students) کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ 1987ء میں جب اس قسم کے چھ ممتاز ترین امریکی طلبہ کا انتخاب کیا گیا تو اس میں ایک ہندوستانی لڑکی کیشانی بھوشن کا نام بھی شامل تھا۔ اس کو بالڈ ون کالج Mary Baldwin) (College سے ایک ہزار ڈالر ماہانہ کا وظیفہ دیا جائے گا (ہندوستان ٹائمز 30 اگست 1987) 2۔ دہلی کے 21 مارچ 1988 کے اخبارات میں ایک خبر تھی۔ انڈین ایکسپریس نے اس کا عنوان ان الفاظ میں قائم کیا تھا کہ ہندوستانی لڑکا امریکہ کے سائنسی مقابلہ میں ٹاپ کرتا ہے : Indian boy tops in US science competition 3۔ امریکہ میں مختلف قسم کے سائنسی مقابلے ہوتے ہیں ۔ ان میں سے ایک خاص مقابلہ وہ ہے جس کو ویسٹنگ ہاؤس سائنسی صلاحیت جانچ (Westing house Science Talent Scarch) کہا جاتا ہے ۔ 1988ء میں اس کا 47 واں سالانہ مقابلہ ہوا۔ اس مقابلہ میں جو طالب علم اول آیا وہ ایک ہندوستانی طالب علم تھا جس کا نام چیتن نائک ہے۔ اس کو 20 ہزار ڈالر سالانہ تعلیمی وظیفہ دیا جائے گا تا کہ وہ اپنی مزید تعلیم بحسن و خوبی جاری رکھ سکے ۔ ماضی میں ویسٹنگ ہاؤس مقابلہ میں کامیاب ہونے والے پانچ طالب علموں نے بعد کو نوبل انعام حاصل کیا۔ تعلیم موجودہ زمانہ میں کامیابی کا ٹکٹ (Ticket to success) ہے۔ تعلیم کے ڈگری والے نظام نے کامیابی کے اس زینہ کو ہر آدمی کے دروازہ تک پہنچا دیا ہے۔ اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے صرف ایک چیز کی ضرورت ہے، اور وہ محنت ہے۔ آدمی اگر محنت اور دانش مندی کے ساتھ اس امکان کو استعمال کرے تو ہر جگہ وہ اعلیٰ ترین کامیابی حاصل کر سکتا ہے ، خواہ وہ امریکہ ہو یا ہندوستان یا اور کوئی ملک۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page