زوج یاہیبیٹأٹ
Urdu book, p. 42
By Maulana Wahiduddin Khan
زوج یا ہیبیٹائٹ قرآن میں ایک آیت ان الفاظ میں آئی ہے: وَمِنْ كُلِّ شَيْءٍ خَلَقْنَا زَوْجَيْنِ لَعَلَّكُمْ تَذَكَّرُونَ (51:49)۔ یعنی اور ہم نے ہر چیز سے جوڑے بنائے تاکہ تم نصیحت حاصل کرو: We have created everything in pairs so that perhaps you may take heed. قرآن کی اس آیت کا خطاب ان لوگوں سے ہے، جو تذکر کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یعنی غور وفکر کرنا اور نصیحت لینا۔ اس سے واضح ہے کہ اس آیت کا خطاب انسان سے ہے۔ وہ انسان سے کہہ رہی ہے کہ تم تخلیق پر غور کرو، اور اس سے نصیحت حاصل کرو۔ مزید غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہاں زوج سے مراد وہی چیز ہے جس کو ہیبیٹائٹ (habitat) کہا جاتا ہے۔ اس دنیا میں جتنی چیزیں ہیں، سب کے لیے یہاں ان کا موافق ہیبیٹائٹ موجود ہے۔ مثلاً گردش کرتے ہوئے ستاروں کے لیے وسیع خلا (vast space)، نباتات کے لیے موافق زمین (soil)، حیوانات کے لیے جنگل، مچھلی کے لیے پانی، وغیرہ۔ اس طرح کائنات میں موجود ہر مخلوق کے لیے اس کا موافق ہیبیٹائٹ موجود ہے۔ مگر یہاں صرف انسان ایک ایسی مخلوق ہے جس کو، اس کا مطلوب ہیبیٹائٹ حاصل نہیں۔ انسان کو ایسی دنیا ملی ہے، جہاں وہ زندہ رہ سکے، لیکن انسان کو ایسی دنیا حاصل نہیں جہاں اس کے لیے ہر اعتبار سے فل فل مینٹ (fulfillment) کا سامان موجود ہو۔ یہی وجہ ہے کہ انسان اس دنیا میں اس طرح رہتا ہے کہ وہ ہمیشہ ماہی بے آب کی طرح تڑپتا رہتا ہے۔ اس کو کبھی اپنے وجود کا زوج (habitat) حاصل نہیں ہوتا۔ انسان اس فرق پر غور کرے تو وہ جنت کو دریافت کرے گا، اور اپنی زندگی کی منصوبہ بندی اس طرح کرے گا جو اس کو جنت کی منزل تک پہنچانے والا ہو۔ جنت کی دریافت تخلیق کی حکمت کی دریافت ہے۔ یہی مطلب ہے فَفِرُّوا إِلَى اللَّهِ کا (یعنی پس دوڑ و اللہ کی طرف)۔ الذاریات: 50

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader