روحِ اسلام
Urdu book, p. 151
By Maulana Wahiduddin Khan
رب بنانا دورِ زوال کے یہودیوں اور عیسائیوں کا ذکر کرتے ہوئے قرآن میں ارشاد ہوا ہے: انھوں نے اللہ کے سوا اپنے علماء اور مشائخ کو رب بنالیا اور مسیح بن مریم کو بھی۔ حالانکہ ان کو صرف یہ حکم تھا کہ وہ صرف ایک معبود کی عبادت کریں۔ اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ وہ پاک ہے اس سے جو وہ شریک کرتے ہیں۔ (التوبہ ۳۱) احمد اور ترندی نے یہ روایت کیا ہے کہ عدی بن حاتم الطائی جو جاہلیت کے زمانہ میں نصرانی ہوگئے تھے، وہ مدینہ آئے اور اسلام قبول کر لیا۔ پھر انھوں نے مذکورہ آیت کی نسبت سے رسول اللہ سے کہا کہ انھوں نے اپنے علماء اور مشائخ کی عبادت تو نہیں کی تھی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہاں۔ ان کے علماء نے حلال کو حرام کیا اور حرام کو حلال کیا تو انھوں نے اس کی پیروی کی۔ یہی ان کی اپنے علماء و مشائخ کی عبادت ہے۔ تفسیر ابن کثیر الجز ء الثانی صفحہ ۳۴۸۔ ان آیات میں اتخاذ رب کا مطلب اکابر پرستی ہے۔ اس کا اس سیاسی نظریہ سے کوئی تعلق نہیں کہ جو لوگ زمین پر حاکم بن کر اپنا قانون چلا رہے ہوں ان سے لڑ کر انہیں ختم کرو اور زمین پر خدائی قانون کا نفاذ کرو۔ اس آیت کے اندر حال میں موجود ایک صورت کا ذکر ہے نہ کہ مستقبل کی نسبت سے سیاسی مشن کا تعین۔ اس آیت میں دراصل یہ بتایا گیا ہے کہ کسی امت کی حالت اس کے دورِ زوال میں کیا ہوتی ہے۔ ایسے زمانہ میں امت کا زندہ تعلق خدا اور رسول کے ساتھ باقی نہیں رہتا۔ اس کی تو جہات کا مرکز اس کے اکابر اور مشائخ بن جاتے ہیں۔ اکابر کے اقوال اور ملفوظات اس کے لئے اس کے دین کا ماخذ ہوتے ہیں۔ وہ اپنے مفروضہ بڑوں کی پراسرار کہانیوں میں جینے لگتے ہیں۔ ان کے نزدیک حق صرف وہ ہوتا ہے جو انہیں اپنے بعد کے علماء و مشائخ سے ملا ہو۔ خدا کی کتاب ان کے لئے برکت کا ذریعہ بن جاتی ہے، وہ ان کے لئے حق و باطل میں تمیز کی کسوٹی نہیں ہوتی۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader