تمهید
Urdu book, p. 4
By Maulana Wahiduddin Khan
تمهید پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم تاریخ کی ایک استثنائی شخصیت ہیں۔ آپ واحد انسان ہیں جن کی زندگی میں انسانیتِ اعلیٰ کے تمام پہلو اپنی کامل صورت میں جمع ہو گئے ۔ آپ کی زندگی کا مطالعہ گویا کامل انسانیت کا مطالعہ ہے۔ یہی بات قرآن میں ان لفظوں میں کہی گئی ہے کہ انك لعلى خلق عظیم ۔ سیرتِ رسول ایک جامع قسم کی انسانی انسائیکلو پیڈیا ہے۔ وہ نہ صرف حیاتِ بشری کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیے ہوئے ہے بلکہ مختلف زمانوں کی رعایت بھی اس میں کمال درجہ میں پائی جاتی ہے۔ تاہم سیرتِ رسول کا مطالعہ سادہ طور پر ڈکشنری کے انداز میں نہیں کیا جاسکتا۔ ڈکشنری میں ہم ایسا کرتے ہیں کہ اپنا مطلوب لفظ حروف تہجی کی ترتیب سے نکال کر دیکھ لیتے ہیں۔ اسی طرح سیرت کا مطالعہ اس طرح نہیں کیا جا سکتا کہ حدیث اور سیرت کی مروجہ کتابوں میں متعلقہ ابواب کو کھول کر دیکھ لیا جائے۔ ایسا مطالعہ سیرت کا کامل مطالعہ نہیں ہو سکتا۔ قرآن میں ہے کہ تمہارے لیے اللہ کے رسول میں بہترین نمونہ ہے، اس شخص کے لیے جو اللہ کا اور آخرت کے دن کا امید وار ہوا اور کثرت سے اللہ کو یاد کرے (الاحزاب (۲۱) رسول کی زندگی میں بلاشبہ حیاتِ بشری کے لیے کامل نمونہ ہے۔ مگر اس نمونہ کو اس کی گہرائیوں کے ساتھ سمجھنے کے لیے وہ شخصیت درکار ہے جس کی معرفت اتنی بڑھی ہوئی ہو کہ ایک خداہی اس کی تمام تو جہات کا مرکز بن جائے ۔ وہ زندگی کی حقیقت سے اتنا زیادہ باخبر ہو جائے کہ آخرت کے سوا ہر چیز اس کو بے حقیقت نظر آنے لگے ۔ وہ معرفت کی اس سطح پر پہنچا ہوا ہو کہ اللہ کی یاد ہی اس کی سب سے بڑی ذہنی سرگرمی بن گئی ہو۔ آدمی جب روحانی بلندی یا شعوری ارتقاء کے اس درجہ پر پہنچتا ہے تو وہ آخری حد تک حقیقت شناس بن جاتا ہے۔ اور ایک سچا حقیقت شناس ہی سیرت کو اس کی تمام گہرائیوں کے ساتھ سمجھ سکتا ہے۔ آدمی حقیقت شناسی کے جس مرتبہ پر ہوگا اسی کے قدر وہ سیرت کے رموز کو سمجھنے میں کامیاب ہوگا۔ سیرت کا مطالعہ گویا معرفت کے سمندر میں غواصی ہے۔ غواصی کا یہ عمل قیامت تک جاری رہے گا۔ لوگ اپنی ہمت کے مطابق ہمیشہ اس سے نئے نئے موتی نکالیں گے۔ ہر دور کے انسان اس خزانہ سے مالا مال ہوتے رہیں گے، وہ کبھی کسی کے لیے خالی ہونے والا نہیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader