Urdu book · پیغمبرِ انقلاب

دیباچہ

Urdu book, p. 6

By Maulana Wahiduddin Khan

دیباچہ امریکہ سے ایک کتاب چھپی ہے جس کا نام ہے’’ایک سو‘‘۔ اس کتاب میں ساری انسانی تاریخ کے ایک سو ایسے آدمیوں کا تذکرہ ہے جنہوں نے، مصنف کے نزدیک، انسانی تاریخ پر سب سے زیادہ اثرات ڈالے۔ کتاب کا مصنف مذہبی طور پر عیسائی اور تعلیمی طور پر سائنس داں ہے۔ مگر اپنی فہرست میں اس نے نمبر ایک پر نہ حضرت مسیح کا نام رکھا ہے اور نہ نیوٹن کا۔ اس کے نزدیک وہ شخصیت جس کو اپنے غیر معمولی کارناموں کی وجہ سے نمبر ایک پر رکھا جانا چاہیے، وہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔ مصنف کا کہنا ہے کہ آپ نے انسانی تاریخ پر جو اثرات ڈالے وہ کسی بھی دوسری شخصیت، خواہ مذہبی ہو یا غیر مذہبی، نے نہیں ڈالے۔ مصنف نے آپ کے کمالات کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا ہے: He was the only man in history who was supremely successful on both the religious and secular levels. Dr. Michael H. Hart, The 100, New York 1978 آپ تاریخ کے تنہا شخص ہیں جو انتہائی حد تک کامیاب رہے۔ مذہبی سطح پر بھی اور دنیوی سطح پر بھی۔ انگریز مورخ ٹامس کارلائل (1881-1795ء) نے پیغمبر اسلام کو نبیوں کا ہیرو قرار دیا تھا۔ امریکن رائٹر مائیکل ہارٹ (1932 .Dr. Michael H. Hart, b) نے آپ کو ساری انسانی تاریخ کا سب سے بڑا انسان قرار دیا ہے۔ پیغمبر اسلام کی عظمت اتنی واضح ہے کہ وہ صرف آپ کے پیروؤں کے ایک ’’عقیدہ‘‘ کی حیثیت نہیں رکھتی۔ وہ ایک مسلمہ تاریخی واقعہ ہے اور ہر آدمی جو تاریخ کو جانتا ہے، وہ مجبور ہے کہ اس کو بطور واقعہ تسلیم کرے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page