Urdu book · رہنماے حیات

تبدیلی کا عمل

Urdu book, p. 129

By Maulana Wahiduddin Khan

تبدیلی کا عمل کائنات ایک عظیم کارخانہ ہے۔ ہم روزانہ جو خوراک کھاتے ہیں، وہ قدرت کے اس عظیم کارخانہ کی پیداوار ہوتی ہے۔ اس کارخانہ کے اندر ہونے والے بے شمار عمل کے نتیجہ میں ایسا ہوتا ہے کہ غیر ذی روح مادی اشیاء، غلہ سبزی اور گوشت وغیرہ میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔ جن کو ہم خوراک کہتے ہیں۔ اس کے بعد جب وہ پیٹ میں داخل ہوتی ہیں تو دوبارہ ایک اور تبدیلی کا عمل شروع ہوتا ہے۔ اب پورا انسانی جسم دوبارہ متحرک ہو جاتا ہے۔ اس حرکت عمل کے نتیجہ میں یہ ہوتا ہے کہ کھائی ہوئی چیزیں وہ مختلف حیاتیاتی خلیے (cells) تیار کرتی ہیں جو انسان کے جسم میں خون اور گوشت اور ہڈی اور دوسری چیزوں کی صورت اختیار کرتی ہیں۔ پیٹ کے اندر ہونے والی یہ تبدیلی ہمارے وجود کو مسلسل طور پر زندہ اور متحرک رکھتی ہے۔ یہ دو تبدیلیاں وہ ہیں جو طبیعی طور پر فطرت کے مقرر کئے ہوئے نظام کے تحت پیدا ہوتی ہیں۔ وہ اپنے آپ عمل میں آتی ہیں۔ اور خود اپنے اندرونی قوانین کے تحت اپنی تکمیل تک پہنچتی ہیں۔ انسان سے یہ مطلوب ہے کہ وہ سوچے کہ خدا نے کس طرح اس کے حیات جسمانی کے لئے ایک عظیم انتظام کر دیا۔ حالاں کہ اس نے خدا سے اس کی درخواست بھی نہیں کی تھی__ یہ احساس آدمی کے اندر اتنی شدت سے پیدا ہونا چاہئے کہ اس کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں۔ احساس شکر کے جذبے سے اس کی آنکھوں سے آنسو اہل پڑیں۔ اور پھر سراپا سپاس بن کر اس کی زبان سے شکر کا کلمہ نکل پڑے۔ پہلی دو تبدیلیاں نظام فطرت کے تحت اپنے آپ پیش آتی ہیں۔ اور دوسری تبدیلی انسان کو خود اپنے شعور کے تحت وجود میں لانا ہے۔ یہی ان خدائی نعمتوں کی قیمت ہے۔ جو شخص یہ قیمت ادا کر دے وہی خدا کی نعمتوں کے استعمال کا صحیح استحقاق رکھتا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page