Urdu book · رہنماے حیات

مسائل کے باوجود

Urdu book, p. 131

By Maulana Wahiduddin Khan

مسائل کے باوجود زندگی مسائل کے درمیان زندہ رہنے کا نام ہے۔ اس دنیا میں بے مسئلہ زندگی سرے سے ممکن ہی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس دنیا میں ہر آدمی کسی نہ کسی مسئلہ سے دوچار رہتا ہے۔ خواہ وہ دولت مند ہو یا غریب، خواہ وہ طاقت ور ہو یا کمزور، خواہ وہ عالم ہو یا جاہل۔ مگر انسان کا مزاج مسئلہ سے گھری ہوئی زندگی کو پسند نہیں کرتا۔ چنانچہ ہر آدمی مسلسل اس کوشش میں رہتا ہے کہ وہ جس مسئلہ میں مبتلا ہے اس کو ختم کر دے تا کہ اس کو بے مسئلہ زندگی حاصل ہو جائے۔ مگر جب وہ سالہا سال کی کوشش کے بعد ایک مسئلہ کو ختم کر لیتا ہے تو عین اسی وقت اس کو معلوم ہوتا ہے کہ اب وہ نئے مسائل سے دوچار ہو گیا ہے۔ مزید یہ کہ یہ دوسرا مسئلہ پہلے مسئلہ سے بھی زیادہ سخت ہے۔ یہ ایک ایسی غلطی ہے جس میں تقریباً ہر آدمی مبتلا رہتا ہے۔ وہ ساری عمر بے مسئلہ زندگی کی تلاش میں رہتا ہے۔ مگر وہ کبھی اپنے مقصد کو نہیں پا تا۔ یہاں تک کہ وہ اسی حال میں دنیا سے چلا جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس دنیا میں کسی آدمی کے لئے انتخاب با مسئلہ زندگی اور بے مسئلہ زندگی کے درمیان نہیں ہے، بلکہ یہاں آدمی کو ایک قسم کے مسئلہ اور دوسرے قسم کے مسئلہ کے درمیان انتخاب کرنا ہے۔ اور جب ایک مسئلہ کو ختم کر کے دوسرا مسئلہ سامنے آنے والا ہو تو عقل مندی یہی ہے کہ آدمی اسی مسئلہ پر راضی ہو جائے جس میں ابتداء وہ اپنے آپ کو مبتلا پا رہا تھا۔ موجودہ دنیا میں کامیابی کا راز یہ ہے کہ آدمی مسائل کے باجود اپنے لئے کام کے مواقع تلاش کرے۔ نہ کہ وہ مسائل کو ختم کرنے میں لگا رہے، یہاں تک کہ وہ اسی حال میں مر جائے۔ یہ ایک ایسی عام کمزوری ہے جس میں افراد بھی مبتلا رہتے ہیں اور قومیں اور جماعتیں بھی، اس دنیا میں فرد اور قوم دونوں کے لئے کامیابی کا واحد راز یہ ہے کہ وہ مسائل کے ساتھ جینا سیکھیں اور مسائل کے رہتے ہوئے اپنی زندگی کی تعمیر کریں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page