Urdu book · راز حیات

ایک تجربہ

Urdu book, p. 281

By Maulana Wahiduddin Khan

اتحاد کی قیمت آج ہر آدمی اتحاد پر بول رہا ہے۔ ہر آدمی اتحاد پر لکھ رہا ہے۔ مگر کہیں بھی اتحاد قائم نہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہر چیز کی ایک قیمت ہوتی ہے۔ اسی طرح اتحاد کی بھی ایک قیمت ہے۔ لوگ اتحاد کی باتیں کرتے ہیں مگر اتحاد کی قیمت دینا نہیں چاہتے، یہی وجہ ہے کہ کہیں اتحاد قائم نہیں ہوتا۔ اتحاد جب ٹوٹتا ہے تو کیوں ٹوٹتا ہے۔ اس کی وجہ صرف ایک ہے۔ اور وہ ہے، اپنے اندر پیدا ہونے والے بے اتحادی کے جذبات کو ختم نہ کرنا۔ یہ دنیا دار الامتحان ہے ۔ یہاں مختلف وجوہ سے ایک دوسرے کے خلاف جذبات پیدا ہوتے ہیں۔ ان جذبات کو اگر آپ اپنے اندر کچل دیں تو اتحاد قائم رہے گا۔ اور اگر ان جذبات کو نہ کچلیں تو وہ ظاہر ہو کر اتحاد کو پارہ پارہ کر دیں گے۔ کبھی ایک آدمی کو دوسرے آدمی سے شکایت ہو جاتی ہے۔ کبھی ایسا ہوتا ہے کہ ایک شخص آپ کو اپنے مفاد کی راہ میں حائل نظر آتا ہے۔ کبھی دوسرے کی ترقی کو دیکھ کر اس کے خلاف حسد کا جذبہ سینہ میں جاگ اٹھتا ہے۔ کبھی فخر اور غرور کی نفسیات کا یہ تقاضا ہوتا ہے کہ دوسرے کو ذلیل اور بے قیمت کر کے خوشی حاصل کی جائے۔ اس قسم کے تمام مواقع آدمی سے ایک قیمت مانگتے ہیں۔ یہ قیمت کہ وہ اتحاد اور تعلق کی فضا کو باقی رکھنے کے لیے اپنے آپ کو دبائے۔ وہ شکایت اور تلخی کو برداشت کرلے۔ وہ اپنے مفاد کی بربادی پر راضی ہو جائے۔ وہ دوسرے کی ترقی پر خوش ہونے کا حوصلہ پیدا کرے۔ وہ گھمنڈ کے جذبات کو تواضع کے جذبات میں تبدیل کر لے۔ یہی شخصی قربانی، اجتماعی اتحاد و اتفاق کا واحد راز ہے۔ اس قسم کے مواقع کا پیش آنا لازمی ہے۔ ممکن نہیں ہے کہ موجودہ دار الامتحان میں ایسے مواقع پیش نہ آئیں ۔ یہی موقع در اصل اتحاد یا بے اتحادی کا فیصلہ کرتے ہیں۔ آدمی اگر ایسا کرے کہ وہ اتحاد کو توڑنے والے جذبات کو اپنے سینہ میں دبالے تو وہ معاشرہ کے اندر اتحاد کو باقی رکھے گا۔ اگر وہ ان جذبات کو ظاہر ہونے کے لیے کھلا چھوڑ دے تو معاشرہ کے اتحاد کو برباد کر دے گا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page