روشن مستقبل
Urdu book, p. 7
By Maulana Wahiduddin Khan
ہندوستان میں ۱۹۷۷ میں راقم الحروف کی ادارت میں الجمعیتہ ویکلی نکلنا شروع ہوا تھا۔ اس کے پہلے شمارہ یکم ستمبر ۱۹۷۷ء کے اداریہ میں میں نے لکھا تھا کہ اس وقت مسلمانوں کا سب سے بڑا اور سب سے پہلا مسئلہ یہ ہے کہ ان کے اندر حقیقت پسندانہ نقطہ نظر (realistic approach) پیدا کیا جائے۔ راقم الحروف کا خیال تھا اور ہے کہ ہندوستان میں مسلمانوں کے لیے ہر قسم کی ترقی کے مواقع پوری طرح موجود ہیں۔ یہاں مکمل طور پر اس کا امکان موجود ہے کہ وہ با عزت اور خوش حال اور ترقی یافتہ گروہ بن کر رہیں مگر صرف ایک چیز کی کمی نے یہاں ان کے لیے غیر ضروری قسم کے مسائل پیدا کر رکھے ہیں، اور یہ کی حقیقت پسندانہ نقطہ نظر کی ہے مسلمانوں کے اندر اگر حقیقت پسندی آجائے تو کوئی بھی چیز ان کی ترقی کو روکنے والی نہیں بن سکتی۔ "۳۰ اکتوبر ۱۹۹۰ء کو پیش آنے والے حالات نے ملک میں جو نیا رخ اختیار کیا ہے، وہ بظاہر تشویشناک ہے، مگر مجھے یقین ہے کہ یہ عَسٰي اَنْ تَكْرَهُوا شَيْئاً وَهُوَ خَيْرٌ لَّكُمْ (البقره (۲۱۶) کا مصداق ہے۔ اس بظاہر ناپسندیدہ صورت حال میں ان کے لیے عظیم خیر چھپا ہوا ہے۔ وہ خیر کیا ہے ۔ وہ خیر ہی حقیقت پسندی ہے۔ موجودہ دنیا میں کامیابی کا سب سے بڑا راز حقیقت پسندانہ مزاج ہے۔ آدمی کی فطرت خود بخود اس کو حقیقت پسندی کی طرف رہنمائی کرتی ہے مگر موجودہ زمانہ میں مسلمانوں کے نام نہاد لیڈر اپنی سطحی اور جذباتی باتوں سے مسلمانوں کو بہکائے ہوئے تھے۔ اب حالات نے ان نااہل لیڈروں کی نااہلی کو دو اور دو چار کی طرح ثابت کر دیا ہے۔ قوی امید ہے کہ اب مسلمان ان لیڈروں کو چھوڑ دیں گے ۔ اب وہ فطرت اور قرآن اور اسوۂ رسول کی روشنی میں اپنی راہ عمل بنائیں گے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تاریخ کے سب سے زیادہ حقیقت پسند انسان تھے۔ اسی لیے آپ نے تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ موجودہ حالات اب مسلمانوں کو ایسے مقام پر لے آئے ہیں جہاں وہ خود بخود حقیقت پسند بن جائیں گے۔ اور ان کی زندگی کا یہ نیا موڑ بلاشبہ ان کی کامیابی اور ترقی کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔ زمین و آسمان کا پورا نظام حقائق کی بنیاد پر چل رہا ہے۔ انسان بھی اس دنیا میں حقائق کی رعایت کر کے کامیاب ہو سکتا ہے۔ خوشی کی بات ہے کہ مسلمانوں نے اب اس راز کو پا لیا ہے۔ اور اس راز کو پا لینے ہی کا دوسرا نام کامیابی ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader