Urdu book · سفر حیات

موت کی غیر یقینی دیوار

Urdu book, p. 147

By Maulana Wahiduddin Khan

موت کی غیر یقینی دیوار چنالا (دھنباد) میں ایک پرانی کوئلہ کی کان (mine) تھی جو 1945 سے بند تھی۔ ساڑھے چار سو فٹ گہری اس کان میں دھیرے دھیرے پانی بھر گیا۔ اس سے 80 فٹ کے فاصلہ پر دو سال پہلے ایک اور کان کھودی گئی۔ عالمی بنک اور بیرونی ماہرین کی مدد سے تیار کی ہوئی یہ کان جدید طرز کی مشینوں سے آراستہ تھی۔ 27 دسمبر 1975ء کو اس کان میں ایک بھیا تک حادثہ ہوا۔ دونوں کانوں کے درمیان 80 فٹ کا فاصلہ کافی محفوظ فاصلہ سمجھا جاتا تھا۔ مگر اچانک اس کے اندر تقریباً 60 فٹ چوڑاشکاف ہو گیا اور اس کے اندر سے پرانی کان کا پانی نئی کان میں اتنی تیزی سے داخل ہوا کہ صرف تین منٹ کے اندر نئی کان بھر گئی۔ 372 مزدور اور انجینئر جو اس وقت کان کے اندر کام کر رہے تھے ایک سویلین گیلن سے بھی زیادہ پانی کے سیلاب میں غرق ہو گئے۔ صرف ایک شخص بچا جو حادثہ سے صرف چند منٹ پہلے باہر آ گیا تھا۔ یہ واقعہ حیرت انگیز طور پر ہمارے زندگی کی تصویر ہے۔ ہماری موجودہ دنیا اور آخرت کی دنیا کے درمیان موت کی غیر یقینی دیوار حائل ہے۔ ہر آن یہ اندیشہ ہے کہ یہ دیوار ٹوٹ جائے اور آخرت کے حقائق ایک بے پناہ سیلاب کی طرح ہمارے اوپر پھٹ پڑیں۔ اس وقت کوئی زور اور کوئی لفظی بازی گری کام نہ آئے گی۔ آدمی بالکل بے سہارا ہو کر اپنے مالک کے سامنے کھڑا ہوگا۔ وہ سارے لوگ ناکامی اور بربادی کے دائمی جہنم میں ڈال دیئے جائیں گے جو دنیا کی دلریبیوں میں اس قدر گم تھے کہ کوئی نصیحت کی بات سننے کے لیے تیار نہ ہوتے تھے، صرف وہ شخص بچے گا جس نے مالک کے سامنے حساب کے لیے پیش ہونے سے پہلے خود اپنا حساب کر لیا ہوگا ۔ سب سے زیادہ ہوشیار وہ شخص ہے جو اس آنے والے دن کو تیاری میں اپنے کو لگا دے۔ ************* ہمارے اور آخرت کے درمیان صرف ایک غیر یقینی دیوار حائل ہے

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page