آرزو
Urdu book, p. 180
By Maulana Wahiduddin Khan
فہرست آرزو کلیری سمپسن (Cleary Simpson) امریکہ کی ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون ہیں۔ تعلیم کی تکمیل کے بعد وہ مختلف قسم کے وقتی جاب کرتی رہیں۔ یہاں تک کہ ان کی تمناؤں کے مطابق، اُن کو امریکہ کے ٹائم میگزین میں اپنی پسند کا کام مل گیا۔ اس وقت وہ ٹائم میگزین کے دفتر (نیو یارک) میں ڈائرکٹر (Advertising Sales Director) ہیں۔ ٹائم کے شمارہ 15 اگست 1991 (صفحہ 4) میں مذکورہ خاتون کا ہنستا ہوا پر ابتہاج فوٹو چھپا ہے۔ وہ اس عہدے کے ملنے پر انتہائی خوش ہیں۔ تصویر کے نیچے اُن کا پرمسرت تاثر ان لفظوں میں درج ہے— ٹائم کے لیے کام کرنا ہمیشہ سے میری فہرست آرزو پر تھا: Working for Time was always on my wish list. ہر آدمی کسی چیز کو سب سے بڑی چیز سمجھتا ہے، وہ اس کی تمنا میں جیتا ہے، وہ اس کا خواب دیکھتا ہے، وہ اس انتظار میں رہتا ہے کہ کب وہ دن آئے جب کہ وہ اپنی اس محبوب چیز کو پالے۔ یہ چیز اس کی فہرست آرزو میں سب سے زیادہ اہمیت کے ساتھ درج ہوتی ہے۔ موجودہ دنیا میں کوئی بھی ایسا آدمی نہیں جس کے لیے کوئی نہ کوئی چیز اس طرح مرکز تمنا بنی ہوئی نہ ہو۔ مومن وہ ہے جس نے جنت کو اپنی فہرست آرزو (wish list) میں لکھ رکھا ہو، یعنی ابدی اور معیاری نعمتوں کی وہ دنیا جہاں وہ اپنے رب کو دیکھے گا، جہاں سچے انسانوں سے اس کی ملاقات ہوگی، جہاں وہ خدا کی رحمتوں کے سائے میں زندگی گزارے گا، وہ دنیا جو لغو اور تاثیم (الواقعہ: 25) سے پاک ہوگی، جہاں صَحْب (شور) اور نصب (تھکان) کو ختم کر دیا جائے گا، جس کا ماحول چاروں طرف حمد اور سلامتی سے بھرا ہوا ہوگا (الواقعہ: 26)، جہاں خوف اور حزن (الفاطر: 34) کو حذف کیا جا چکا ہوگا، جہاں ایسی آزادی ہوگی جس پر کوئی قید نہیں (الانسان: 20)، جہاں ایسی لذتیں ہوں گی جن کے ساتھ محدودیت (limitations) شامل نہیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader