Urdu book · سفر حیات

آنا اور جانا

Urdu book, p. 204

By Maulana Wahiduddin Khan

آنا اور جانا کالون کولج (Calvin Coolidge) امریکا کا 30 واں صدر تھا۔ وہ 4 جولائی 1872 کو پیدا ہوا، اور 5 جنوری 1933 کو اس کی وفات ہوئی۔ 1924 میں اس نے نہایت آسانی سے صدارت کا الیکشن جیت لیا تھا۔ اس کی وجہ زیادہ تر یہ تھی کہ وہ خطرناک انقلابیت (dangerous radicalism) کا مخالف بن کر کھڑا ہوا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ جب وہ امریکا کا صدر تھا، ایک شخص نے ظریفانہ طور پر اس سے پوچھا کہ وائٹ ہاؤس میں کون رہتا ہے۔ صدر نے مختصر طور پر جواب دیا کہ کوئی نہیں، وہ بس آتے ہیں اور جاتے ہیں: The Story goes that when Calvin Coolidge was the US President, a visitor facetiously asked him who lived in the White House. “No one,” replied the incumbent laconically, “they just come and go.” کالون کولج نے جو بات امریکا کی صدارتی رہائش گاہ (وائٹ ہاؤس) کے بارے میں کہی، وہ زیادہ کامل طور پر پوری دنیا کے لیے صحیح ہے۔ اس دنیا میں بظاہر بے شمار گھر بنے ہوئے ہیں۔ ہر ایک میں کوئی نہ کوئی شخص یا خاندان مقیم دکھائی دیتا ہے۔ مگر یہ سب صرف سطح کی باتیں ہیں۔ اصل یہ ہے کہ یہاں کوئی بھی رہنے والا نہیں۔ ہر ایک بس آرہا ہے اور جارہا ہے۔ اس دنیا کا کوئی مکان مکان نہیں۔ ہر مکان گویا ایک قسم کی عارضی سرائے ہے۔ یہاں لوگ صرف اس لیے آتے ہیں کہ وہ یہاں سے واپس چلے جائیں۔ یہاں لوگ صرف اس لیے بستے ہیں کہ دوبارہ انھیں یہاں کے گھروں میں بسنا نصیب نہ ہو۔ لوگ زندگی کو جانتے ہیں، مگر لوگ موت کو نہیں جانتے۔ لوگ ”رہنے“ سے واقف ہیں، مگر وہ ”جانے“ سے واقف نہیں۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے لیے مکان بنا رہے ہیں۔ انھیں معلوم نہیں کہ بالآخر انھیں جہاں رہنا ہے وہ جگہ وہ ہے جو خدا نے لیے مقرر کرے گا، نہ کہ وہ جگہ جو انھوں نے بطور خود اپنے لیے تعمیر کر رکھی ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page