آغازِ کلام
Urdu book, p. 7
By Maulana Wahiduddin Khan
آغازِ کلام قرآن کے بعد دین کا مستند ماخذ حدیث رسول ہے۔ کہا جاتا ہے کہ حدیث آٹھ علوم کے مجموعہ کا نام ہے۔ شعر کی صورت میں اس کو اس طرح نظم کیا گیا ہے : سیر، آداب و تفسیر و عقائد فتن، اشراط و احکام و مناقب اس طرح حدیث کے آٹھ اجزاء میں سے ایک جزء وہ ہے جس کو سیرت کہا جاتا ہے۔ زیرِ نظر کتاب میں میری کوشش یہ رہی ہے کہ سادہ انداز میں سیرت رسول پر ایک ایسی واقعات کتاب تیار ہو جائے جس کو ہر آدمی پڑھ سکے۔ اس کتاب کی ترتیب کے وقت زیادہ تر دو عربی کتابوں کو سامنے رکھا گیا ہے : ابن ہشام کی سیرۃ النبی اور ابن کثیر کی السیرۃ النبوية۔ یہ کتاب راقم الحروف نے اولاً 1976ء میں لکھنا شروع کیا تھا۔ تقریباً ہجرت تک کا حصہ لکھا گیا تھا کہ اس کا سلسلہ رک گیا۔ دوسری بار 29 دسمبر 1986ء میں اُس کو لکھنا شروع کیا۔ نومبر 1989ء میں اُس کے بقیہ حصہ کی تحریری کے ساتھ اس کی کتابت کا کام بھی شروع ہو گیا مگر بعض اسباب سے دوبارہ کتاب کی ترتیب کا کام رک گیا۔ تیسری بار ترتیب کا یہ کام 1999ء کے آغاز میں شروع ہوا اور ستمبر 1999ء میں تکمیل کو پہنچا۔ اس کی آخری سطریں اللہ کی توفیق سے 10 ستمبر 1999ء کو لکھی گئیں۔ نئی دہلی، 6 اگست 2003 وحید الدین

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader