Urdu book · صراطِ مستقیم

سچا راستہ

Urdu book, p. 9

By Maulana Wahiduddin Khan

بامقصد زندگی انسان کا اعلیٰ ترین شرف کیا ہے ۔ اس کا ایک ہی جواب ہے ۔ اور وہ ہے” بامقصد زندگی“۔ بامقصد زندگی انسان ترقی کی اعلیٰ ترین منزل ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کوئی بھی ایسا کام جس میں بظاہر کوئی غرض شامل ہو اس کو اختیار کرنے سے زندگی با مقصد ہو جائے گی۔ نہیں۔ بلکہ وہی زندگی حقیقتہ بامقصد زندگی ہے جس میں انسان اپنی اعلیٰ ترین حیثیت کو پالے، جس میں اسکی شخصیت اپنے امتیازی وصف کے ساتھ ظہور کر سکے۔ ایک جانور اپنی غذا کے لئے دوڑ رہا ہے ، ایک چڑیا موسم کی تبدیلی کے وقت کسی دوسرے بہتر علاقے کی تلاش میں اڑان کر رہی ہے ، ایک بھڑ مٹی کے گارے سے اپنا مکان بنانے میں مصروف ہے ، ہرن کا ایک غول جنگل کے درندوں سے بچاؤ کے لئے تدبیر اختیار کر رہا ہے ۔ بظاہر یہ سب با مقصد عمل کی صورتیں ہیں ، مگر با مقصد زندگی کا لفظ حب انسان کے لئے بولا جائے تو اس سے مراد اس قسم کی کوئی سرگرمی نہیں ہوتی۔ بلاشبہ انسان کو دنیا میں جو کچھ کرنا ہے اس میں سے ایک کام یہ بھی ہے کہ وہ اپنے لئے کھانا ، کپڑا، مکان اور دوسری ضروریات کا انتظام کرے، مگر یہ مقصدیت کی وہ سطح ہے جہاں انسان اور حیوان دونوں یکساں ہوتے ہیں۔ جبکہ انسان کے اعتبار سے با مقصد زندگی صحیح معنوں میں وہ ہوگی جہاں وہ اپنے حقیقی شرف کے ساتھ نظر آرہا ہو، جب وہ مشترک حیوانیت سے آگے بڑھ کر ممتاز انسانیت کی شکل اختیار کر لے۔ دنیا میں دو طرح کی چیزیں ہیں ۔ جاندار اور بے جان۔ ظاہر ہے کہ جاندار چیزوں کو بے جان اشیاء پر ایک برتری حاصل ہے ۔ اب جاندار چیزوں کو دیکھئے تو ان کی تین قسمیں ملیں گی۔ نباتات ، حیوانات اور انسان۔ جدید سائنس دانوں نے تحقیق سے معلوم کیا ہے کہ نباتات بھی ذی حیات اشیار ہیں ، ان کے اندر نمو، حرکت ، تغذیہ ، احساس اور اس طرح کی دوسری چیزیں پائی جاتی ہیں جو صرف ذی حیات اشیار کی خصوصیات ہیں۔ مگر حیات کا زیادہ اعلیٰ نمونہ حیوانات اور انسان ہیں ۔ انسان کو حیوانات پر کس پہلو سے تفوق حاصل ہے ، اس کا جواب عرصہ سے دیا جاتا رہا ہے۔ اور بڑے بڑے اذہان اس پر کام کرتے رہے ہیں۔ مگر موجودہ زمانہ کے علمائے حیاتیات کا ذہن جہاں آکر ٹھہرا ہے وہ

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page