نماز
Urdu book, p. 19
By Maulana Wahiduddin Khan
نماز "نماز کے مسائل" کا لفظ بولا جائے تو ذہن عام طور پر ان جزئی آداب کی طرف چلا جاتا ہے جن کی تفصیل فقہ کی کتابوں میں ملتی ہے۔ اسی لئے جب کسی کو نماز کے "مسائل" کی تلاش ہوتی ہے تو وہ فقہ کی کتاب دیکھتا ہے۔ مگر نماز کے مسائل کا تعلق صرف اس کے جزئی آداب سے نہیں ہے۔ اس سے پہلے اس کا تعلق نماز کے مقصد اور اس کے بنیادی پہلوؤں سے ہے۔ نماز کے جزئی آداب بلاشبہ فقہ کی کتابوں ہی میں ملیں گے۔ مگر جہاں تک نماز کے اساسی امور کا تعلق ہے وہ مکمل طور پر قرآن میں موجود ہیں اور قرآن کے تتبع سے واضح طور پر ان کو معلوم کیا جا سکتا ہے، اس ذہن کا نتیجہ یہ ہے کہ ایک آدمی نماز میں جزئی آداب کا اہتمام تو خوب کرے گا۔ مگر نماز کے جو بنیادی اور مقصدی پہلو ہیں ان کی طرف سے غافل رہے گا۔ کیوں کہ وہ ان کو نماز کے "مسائل" نہیں سمجھتا — یہاں اس سے متعلق قرآن کے کچھ حوالے نقل کئے جاتے ہیں: ہر نماز کا ایک وقت ہے اور اس کی ادائیگی میں وقت کی پابندی ضروری ہے ان الصلوٰۃ كانت على المومنين كتاباً موقوتاً، نساء ۱۰۳ جب نماز پڑھی جائے تو صاف پاک ہو کر پڑھی جائے — اذا قمتم الى الصلوٰۃ فاغسلوا مائدہ ۶ نماز کے وقت اپنے کو ماحول سے الگ کر کے اللہ کی طرف متوجہ ہونا — واذكر اسم ربك وتبتل اليه تبتيلا مزمل ۸ نماز اس طرح پڑھی جائے کہ آدمی کا شعور اس کے ساتھ جڑا ہوا ہو — لا تقربوا الصلوٰۃ وانتم سکاریٰ نساء ۴۳ نماز آدمی کے اوپر نگراں بن جائے جو اس کو برے کاموں سے روکے — ان الصلوٰۃ تنہیٰ عن الفحشاء والمنکر عنکبوت ۴۵ نماز آدمی کو اللہ کی یاد کرنے والا بناتی ہے۔ — اقم الصلوٰۃ لذکری ط ۱۴ نماز کے وقت آدمی کے اوپر پستی کی حالت طاری ہونا چاہئے۔ — الذین ہم فی صلاتہم خاشعون مومنون ۲ جب نماز کا وقت آجائے تو کام چھوڑ کر نماز کی طرف دوڑنا چاہئے۔ — فاسعوا الیٰ ذکر اللہ جمعہ ۹ نماز نمازیوں کے لئے ایک ہو کر رہنے کی تربیت ہے — وارکعوا مع الراکعین بقرہ ۴۳ نماز ایک واسطہ ہے جس کے ذریعہ آدمی خدا کی مدد کا طالب ہوتا ہے۔ — استعینوا بالصبر والصلوٰۃ بقرہ ۱۵۳ نماز میں مشغول ہو کر آدمی کو خدا کی نزدیکی کا تجربہ ہوتا ہے — واسجد واقترب علق ۱۹ نماز جاہلی طریقوں کو چھوڑ دینے کا سبق دیتی ہے۔ — اصلاتك تامرك ان نترك ما يعبد آباؤنا ھود ۸۷ نماز آدمی کے اوپر اس طرح چھائے کہ وہ اس کی پہچان بن جائے۔ — سیماہم فی وجوھہم من اثر السجود فتح ۲۹ نماز آدمی کے لئے اس کی تنہائیوں کی ساتھی ہے۔ — والذین یبیتون لربہم سجداً وقیاما فرقان ۶۴ نماز ہر آدمی پر ساری عمر کے لئے فرض ہے — ہم علیٰ صلاتہم دائمون معارج ۲۳ نماز حفاظت کی چیز ہے جس طرح مال حفاظت کی چیز ہے۔ — حافظوا علی الصلوات بقرہ ۲۳۸ نماز کا مطلب خوف آخرت کی وجہ سے خدا کے سامنے گڑ گڑانا ہے۔ — ساجداً وقائماً یحذر الآخرۃ زمر ۹ نماز میں آدمی کو عاجز بندہ کی طرح کھڑا ہونا چاہئے۔ — قوموا للّٰہ قانتین بقرہ ۲۳۸

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader