مکرمی مولانا صاحب، سلام مسنون
الرسالہ، ستمبر ۱۹۷۷، صفحہ ۴۱
" الاسلام، اسلوب تحریر اور مواد و استدلالی دونوں کے اعتبار سے آج کی کامیاب ترین کتاب ہے۔ میں علماء سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس کا گہرا مطالعہ کریں، اور ایک درسی کتاب کی طرح اس سے فائدہ اٹھائیں" حضرت مولانا اخلاق حسین قاسمی دہلوی تحریر فرماتے ہیں:
مکرمی مولانا صاحب، سلام مسنون
شدید انتظار کے بعد آپ کی بہترین کتاب " الاسلام " میرے پاس پہنچ گئی، اس کتاب کے مسودہ پر میں نے سرسری طور پر نظر ڈالی تھی، اس وقت سے مجھے اس کتاب کا انتظار تھا۔ مصروفیت کے باوجود اس دور کی یہ اہم علمی، تبلیغی اور اصلاحی کتاب سفر و حضر میں ہر وقت میرے ساتھ رہتی ہے اور میں اسے بہت غور و فکر کے ساتھ آہستہ آہستہ سمجھ سمجھ کر پڑھ رہا ہوں ۔ صفحہ ۳ پر آپ نے لکھا ہے : " پہلے جزئیہ کے سلسلہ میں اہم ترین کام یہ ہے کہ اسلام کے عقائد و احکام کو جدید استدلالی انداز میں مرتب کیا جائے تاکہ وہ لوگوں کو " آج کی چیز " معلوم ہونے لگیں، نہ یہ کہ پڑ ھنے والا سمجھے کہ وہ اس دور کی چیز ہیں جب کہ انسان قبائلی دور میں سانس لیتا تھا۔ " میں " الاسلام " کے فاضل مصنف کو مبارکباد اور ساتھ ہی دعائیں دیتا ہوں کہ اس نے الاسلام کو اسلوب تحریر اور استدلال مواد دونوں کے لحاظ سے " آج کی کامیاب ترین چیز " بنا دیا ہے۔ دین بر حق کے ایک ایک عنوان کے تحت مسائل شریعت کو الاسلام کے فاضل مصنف نے اس مؤثر انداز سے سمجھایا ہے کہ وہ دل و دماغ میں اترتے چلے جاتے ہیں ۔ یہ اہم کتاب عام مسلمانوں سے زیادہ علماء اسلام کے لئے ایک اہم تربیتی اور تعلیمی کتاب ہے۔ دین کی تعلیم اور تبلیغ کا کام کرنے والے حضرات اس کتاب کو سمجھ کر پڑھیں ، ہر قسم کا تکلف دور کر کے اس کی ایک ایک سطر کا مطالعہ کریں اور مولانا وحید الدین خاں صاحب نے جس جدید اسلوب سے قرآن و حدیث کی باتیں پیش کی ہیں اس انداز کو اپنی تقریروں اور تحریروں میں کھونے کی کوشش کریں۔
میں نے مولویانہ تعلی سے علیحدہ ہو کر اس کتاب کو اپنے سرہانے رکھ چھوڑا ہے اور اس کے ایک ایک دو دو صفحے ایک طالب علم کی طرح سمجھ سمجھ کر روزانہ پڑھتا ہوں ۔ میں اپنے طبقہ کے ساتھیوں اور خاص طور پر نوجوان علماء سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ الاسلام کا گہرا مطالعہ کریں اور اسے ایک درسی کتاب سمجھ کر اس سے فائدہ اٹھائیں۔ اخلاق حسین قاسمی دہلوی - ۳ اگست ۶۱۹۷۷
‹ Previous page Next page › Contents of September 1977 All issues