عقل سے کام نہ لینا
الرسالہ، جنوری ۱۹۸۱، صفحہ ۳
عقل سے کام نہ لینا
ایک شخص پر دیس میں ہے۔ اس کے پاس گھر سے تار آتا ہے کہ لڑکا سخت بیمار ہے، فوراً آجاؤ۔ تار کو پڑھتے ہی وہ تڑپ اٹھے گا اور خواہ اس کے پاس سفر نہ کرنے کے کتنے ہی عذر ہوں وہ تمام عذرات کو نظر انداز کر کے وطن کے لئے روانہ ہو جائے گا۔ وہ اپنے آرام کو چھوڑے گا، اپنے مال کو خرچ کرے گا، اپنے معاشی فائدہ کو خطرہ میں ڈالے گا۔ غرض ہر دوسری چیز کو ثانوی اہمیت دے کر جلد سے جلد اپنے بیٹے کے پاس پہنچے گا۔ وہ اپنے گھر سے آئے ہوئے پیغام کی لازماً پیروی کرے گا، خواہ اس کی وجہ سے اس کو تمام دوسرے تقاضے چھوڑ دینے پڑیں۔
مگر اسی شخص کے پاس ایک اور پیغام آتا ہے۔ یہ خدا کا پیغام ہے۔ اس پیغام میں بھی ایک بلاوا ہے۔ اس میں بھی اس کو کسی چیز کی طرف پکارا گیا ہے۔ مگر وہ اس کو پڑھ کر بے قرار نہیں ہوتا۔ وہ اس کا ساتھ دینے کے لئے نہیں اٹھتا۔ وہ طرح طرح کے سوالات میں الجھ کر اس کی طرف بڑھنے سے رک جاتا ہے۔ اس پیغام کو لانے والا تو ایک معمولی آدمی ہے، اکابر میں سے کسی کا اس کے اوپر دستخط نہیں۔ اس پیغام کو قبول کرنے میں بہت سے مفادات اور مصالح مجروح ہوتے ہیں۔ اگر میں اس کو مان لوں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ میری اب تک کی ساری زندگی غلط تھی۔ غرض گروہی عصبیت، مصلحت اندیشی، عزت نفس اور "میں" کا سوال اس کو اس پیغام کی طرف جانے سے روک دیتا ہے۔ کوئی سرے سے انکار کر دیتا ہے، کوئی اس کی صداقت کا اعتراف کرتے ہوئے ایک" مگر " لگا کر اپنے لئے جائز کر لیتا ہے کہ وہ اس کے لئے نہ اٹھے، وہ اس کا ساتھ نہ دے۔
یہی وہ صورت حال ہے جس کو قرآن میں ان لفظوں میں بیان کیا گیا ہے: اور نہیں ہو سکتا کہ کوئی شخص ایمان لائے مگر اللہ کے حکم سے اور اللہ ان لوگوں پر گندگی ڈال دیتا ہے جو عقل سے کام نہیں لیتے (یونس ۱۰۰) خدا نے عقل اسی لئے دی ہے کہ جو بات عقل سے صحیح ثابت ہو اس کو فوراً مان لیا جائے۔ مگر جب آدمی عقل کی پیروی نہیں کرتا تو وہ خواہشات کا پیرو بن جاتا ہے اور خواہش آدمی کو بربادی کے سوا اور کہیں نہیں لے جاتی۔
امتحان کی اس دنیا میں آدمی کے سامنے ہمیشہ دو راستے ہوتے ہیں۔ ایک یہ کہ ایک بات جب واضح دلائل سے ثابت ہو رہی ہو تو اس کو مان لیا جائے۔ دلائل کے سامنے آنے کے بعد کسی دوسری چیز کو اہمیت نہ دی جائے۔ دوسرا راستہ یہ ہے کہ آدمی دلائل پر ٹھہرنے اور سوچنے کے لئے تیار نہ ہو، اس کے بجائے
‹ Previous page Next page › Contents of January 1981 All issues