عمل کے نام پر بے عملی
الرسالہ، اکتوبر ۱۹۸۱، صفحہ ۳۷
عمل کے نام پر بے عملی
کسی مفکر کا قول ہے کہ اپنا سفر اتنے پیچھے سے شروع کرو کہ ہر قدم اٹھانا آگے بڑھنا ہو۔ موجودہ زمانہ کے مسلم رہنماؤں نے اس قول کو اس طرح بدل دیا ہے ۔ اپنے سفر کو اتنا آگے سے شروع کرو کہ ہر قدم اٹھانا پیچھے ہٹنا ہو۔
موجودہ زمانہ میں جو بڑے بڑے مسلم رہنما اٹھے ان کو یہ خصوصیت حاصل ہے کہ اتنے زیادہ لوگوں نے ان کا ساتھ دیا جتنا زیادہ ساتھ دینے ولے تاریخ کے کسی دور میں کسی رہنما کو نہیں ملے، حتیٰ کہ پیغمبروں میں سے کسی پیغمبر کو بھی نہیں۔ مگر ان کی بڑی بڑی تحریکیں عملی نتیجہ کے اعتبار سے قوم کو کچھ نہ دے سکیں بلکہ اکثر اوقات قوم کی بربادی میں اضافہ کا باعث ہوئیں۔
اس صورت حال کی وجہ کیا ہے ۔ اس کی وجہ صرف ایک ہے ۔ استعداد سے زیادہ بڑا اقدام کرنا ، پیچھے سے چلنے کے بجائے آگے سے چلنے کی کوشش کرنا۔ اگر آپ آغاز سے سفر شروع کریں تو کسی نہ کسی دن آپ اختتام پر پہنچ سکتے ہیں، لیکن اگر آپ اختتام سے اپنا سفر شروع کرنا چاہیں تو آپ کبھی منزل پر نہیں پہنچ سکتے ۔
ہمارے رہنما ایسے عظیم الشان اجتماعات کرنے میں مشغول ہیں جہاں سے لوگ صرف بددلی لے کر لوٹیں وہ ایسے اقدامات کر رہے ہیں جس کا آخری نتیجہ صرف پسپائی کی صورت میں نکلتا ہو۔ وہ ایسی اسلامی حکومتیں قائم کرتے ہیں جس کو دیکھ کر لوگ کہیں کہ اس سے زیادہ اچھی تو غیر اسلامی حکومت تھی ۔ وہ ایسی اتحادی تنظیمیں بناتے ہیں جس کے بطن سے صرف اختلاف وا انتشار برآمد ہو۔ وہ ایسی تاریخ ساز کانفرنسیں کرتے ہیں جو صرف تاریخ میں ایک الم ناک باب کا اضافہ کرنے کا باعث ہوں۔ وہ ایسی شان دار قیادتیں کھڑی کرتے ہیں جو صرف ایک بے شان وشوکت قوم کے کھنڈر پر وجود میں آئی ہو۔
یہ ایک بہت بڑی برائی ہے جو ہماری جدید تاریخ میں داخل ہوگئی ہے۔ ہر آدمی ایسا کام کرنا چاہتا ہے جو شان دار الفاظ میں بیان کیا جا سکتا ہو۔ جو اخباروں کے پہلے صفحہ کی خبر بن سکتا ہو، جس کے نتیجہ میں وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی نظروں میں آجائے ۔ جو اس کو ایسے مقام پر پہنچا دے جہاں لغت کے تمام بڑے بڑے الفاظ اس کی عظمت کو بیان کرنے کے لئے نا کافی معلوم ہونے لگیں ۔
یہ سب عمل کے نام پر بے عملی ہے، اور بے عملی سے کبھی کوئی حقیقی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکتا۔ عملی نتیجہ کسی واقعی عمل سے برآمد ہوتا ہے نہ کہ عمل کے نام پر بے معنی اچھل کود سے ۔
الرسائل / اکتوبر ۱۹۸۱ء
‹ Previous page Next page › Contents of October 1981 All issues