Al-Risala · May 1983 · page 13

زیادہ نازک

الرسالہ، مئی ۱۹۸۳، صفحہ ۱۳

زیادہ نازک

ایک مسلم نوجوان نے جدید تعلیم حاصل کی ۔ اس کے بعد اس کو باہر کے ایک ملک میں کام ملا اور وہ اس کے لئے روانہ ہو گیا ۔ اس کے ماں باپ اس کو رخصت کرنے کے لئے ہوائی اڈہ پر آئے۔ نوجوان کے مشرقی باپ نے آخری وقت میں نصیحت کرتے ہوئے کہا: دیکھو بیٹے، جب ہوائی جہاز کے اندر بیٹھنا تو اپنے چاروں طرف آیتہ الکرسی کا گھیرا بنا لینا ۔ اور درود شریف پڑھتے رہنا۔ یہ سن کر ایک شخص نے کہا: آپ بیٹے کو اس قسم کی نصیحت کیوں کر رہے ہیں۔ بزرگ بولے: اس لئے کہ یہ ہوائی سواری ہے۔ راستہ میں ذراسی بھی کوئی بات پیش آئے تو کیا سے کیا ہو جائے ۔ "آپ کو شاید معلوم نہیں کہ ہم میں سے ہر شخص اس سے زیادہ خطرناک ہوائی سواری پر بیٹھا ہوا ہے۔ " آدمی نے دوبارہ کہا" یہ زمین جس پر ہم آپ ہیں یہ ہوائی جہاز سے بھی زیادہ نازک سواری ہے۔ ہماری زمین کسی ٹھوس چیز پر رکھی ہوئی نہیں ہے بلکہ اتھاہ خلا میں معلق ہے ۔ وہ ہوائی جہاز سے کہیں زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ دہرا حرکت کر رہی ہے ۔ ایک طرف وہ اپنے محور پر ۲۰ میل فی سیکنڈ کی رفتار سے گھوم رہی ہے ۔ دوسری طرف وہ اپنے مدار پر ۱۵ سیکنڈ فی میل کی رفتار سے دوڑ رہی ہے ۔ ہوائی جہاز تو درمیانی مقامات پر اترتے ہیں۔ مگر زمین کا تیز رفتار سفر بغیر رکے ہوئے مسلسل جاری ہے ۔ “ اس قسم کی تفصیلات بیان کرنے کے بعد مذکورہ شخص نے کہا: "اگر آپ کو اپنے اس زمینی سفر کا واقعی احساس ہو تو آپ ہر وقت آیتہ الکرسی اور درود شریف پڑھتے رہیں ۔ آپ کے اوپر لرزہ طاری ہوجائے ، ہوائی سفر سے کہیں زیادہ آپ کو اپنے زمینی سفر کا فکر لاحق رہنے لگے ۔ " لوگ انسانی واقعات سے متاثر ہوئے ہیں، وہ خدائی واقعات سے متاثر ہونا نہیں جانتے۔ کوئی شخص کرتب کے زور سے اپنے آپ کو اس طرح دکھائے کہ اس کا پاؤں چھت پر ہو اور اس کا سر نیچے کی طرف لٹکا ہوا ہو تو بیشمار لوگ اس عجیب واقعہ کو دیکھنے کے لئے جمع ہو جائیں گے ۔ مگر لوگوں کو یاد نہیں کہ وہ خود اسی قسم کے عجیب تر واقعہ کی مثال ہیں۔ کیونکہ ہم میں سے ہر شخص کا یہ حال ہے کہ وہ زمین کی سطح پر لٹکا ہوا ہے ۔ زمین گول ہے ۔ زمین پر فی الواقع یہ صورت پائی جاتی ہے کہ آدمی اس کے اوپر مذکورہ کرتب باز آدمی کیطرح لٹکے ہوتے ہیں۔ ہندوستان والوں کے لئے امریکہ کے لوگ اس طرح ہیں کہ زمین کی سطح پر ان کا پاؤں ہے اور ان کا سر زمین کے نیچے لٹک رہا ہے اسی طرح امریکہ والوں کے لئے ہندوستان کے لوگ سر نیچے اور پاؤں اوپر کئے ہوئے زمین پر چل پھر رہے ہیں ۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1983 All issues

Printed page