الرسالہ، دسمبر ۱۹۸۳، صفحہ ۲
الرسالہ، دسمبر ۱۹۸۳، صفحہ ۲
الرساله (انگریزی)
ماہنامہ الرسالہ کا انگریزی ایڈیشن انشاء اللہ جنوری ۱۹۸۴ء میں شائع ہوگا۔ اس کی قیمت فی شمارہ ۳ روپیہ اور سالانہ ۳۶ روپیہ ہوگی۔ ایجنسی وغیرہ کے شرائط وہی ہوں گی جو اردو الرسالہ کی ہیں۔ انگریزی الرسالہ کی ترتیب و ادارت کے لئے ایک لائق مسلم خاتون محترمہ فریدہ خانم صاحبہ کی مستقل خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ موصوفہ ہر اعتبار سے اس کام کے لئے موزوں ہیں۔ محترمہ فریدہ خانم صاحبہ نے بی اے انگلش آنرز سے کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے دو مضامین سے ایم اے کیا۔ پہلے انگلش میں اس کے بعد اسلامیات میں۔ اسلامیات میں ان کا نتیجہ فرسٹ کلاس فرسٹ تھا۔ اردو اور انگریزی کے علاوہ وہ عربی فارسی اور ہندی زبانوں سے بھی واقفیت رکھتی ہیں۔ موصوفہ اس وقت دہلی کی ایک یونی ورسٹی میں اپنا ڈاکٹریٹ کا تھیسیس تیار کر رہی ہیں، جس کا موضوع دور جدید کی اسلامی تحریکیں موصوفہ انگریزی زبان کا اعلیٰ ذوق رکھتی ہیں۔ الرسالہ کے مقاصد سے انہیں گہری وابستگی ہے۔ اسی کے ساتھ وہ پچھلے تقریباً دس سال سے اسلامی مشن کے میدان میں خاموش خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔
الرسالہ کا انگریزی ایڈیشن زیادہ تر اردو الرسالہ یا ادارہ الرسالہ کی اردو مطبوعات کے ترجمے پر مشتمل ہوگا۔ اس سلسلہ میں ہم کو ان اصحاب کے قلمی تعاون کی ضرورت ہے جو انگریزی تحریر پر بخوبی قدرت رکھتے ہوں۔ ایسے لوگوں سے ہماری اپیل ہے کہ وہ الرسالہ یا ہماری دوسری اردو مطبوعات سے انگریزی ترجمہ کرکے روانہ فرمائیں۔ ہم ایسے لوگوں کے انتہائی مشکور ہوں گے۔ جو اصحاب انگریزی ترجمے کے کام میں معاونت فرمائیں ان سے گزارش ہے کہ ہر ترجمہ خواہ وہ الرسالہ سے لیا گیا ہو یا کسی کتاب سے اس کا مکمل حوالہ ضرور درج کریں۔
‹ Previous page Next page › Contents of December 1983 All issues