Al-Risala · January 1984 · page 3

آغازِ عمل

الرسالہ، جنوری ۱۹۸۴، صفحہ ۳

آغازِ عمل

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب، ہجرت کر کے مکہ سے نکلے تو آپ کی زبان پر یہ الفاظ تھے : ما أطيبك من بلد و احبك الى ولولا ان قومى اخرجونى منك ما سكنت غيرك (اے مکہ تو میرے نزدیک کتنا اچھا شہر ہے اور کتنا محبوب ہے۔ اور اگر تیری قوم مجھ کو تیرے یہاں سے نہ نکالتی تو میں تیرے سوا کہیں نہ رہتا، نرندی)

پیغمبر نے اپنے محبوب وطن سے محرومی کو گوارا کیا۔ اس کے نتیجہ میں یہ ہوا کہ مدینہ میں اسلام کا زبردست مرکز قائم ہو گیا۔ اگر وہ مکہ سے ہجرت کرنے کے بجائے مکہ والوں سے ٹکراؤ کا طریقہ اختیار کرتے تو اسلام کی تاریخ بننے سے قبل پہلے ہی قدم پر ختم ہو جاتی۔

حقیقت یہ ہے کہ سب سے بڑی عقل مندی محرومی پر راضی ہونا ہے اور سب سے بڑی نادانی یہ ہے کہ آدمی اپنی محرومی پر راضی نہ ہو___ یہی ایک لفظ میں دنیا کی کامیابی اور ناکامی کا راز ہے اور یہی آخرت کی کامیابی اور ناکامی کا راز بھی۔

محرومی پر راضی ہونا دوسرے لفظوں میں حقیقت واقعہ کا اعتراف کرنا ہے۔ جب آدمی حقیقت واقعہ کا اعتراف کرتا ہے تو وہ اپنی جدوجہد کے آغاز کو پالتا ہے۔ اس کے برعکس اگر وہ حقیقت واقعہ کا اعتراف نہ کرے تو وہ ایسی چیزوں کے حصول کے لئے دوڑتا رہے گا جو اس کو ملنے والی نہیں۔ اس بات کو سن کر نادان لوگ ہمیشہ بول اٹھتے ہیں __ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو شخص یا قوم آج محروم ہے وہ ہمیشہ کے لئے اپنے آپ کو محروم بنالے۔ اس قسم کا خیال زندگی سے سراسر نا واقفیت کا نتیجہ ہے۔ زندگی ایک نمو پذیر حقیقت ہے۔ زندگی میں ٹھہراؤ ممکن نہیں۔ جب آپ اپنے کو اس واقعی مقام پر رکھنے پر راضی ہوتے ہیں جہاں با اعتبار حالات آپ کو ہو نا چاہئے تو گویا آپ اپنے کو وہاں رکھتے ہیں جہاں آپ کی زندگی نمو پذیری کی صلاحیت کو بروئے کار لاسکتی ہے۔ جہاں سے آپ اپنی اگلی منزل کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔ محرومی پر راضی ہونے والا اپنے آغاز کو پالتا ہے، اور اپنے آغاز عمل کو پالینا ہی منزل پر پہنچنے کا سب سے بڑا راز ہے۔

کسی مفکر کا قول ہے،، سیاست ممکنات کا کھیل ہے ،، اس کا مطلب یہ ہے کہ جو کچھ آج ممکن ہے اس سے آغاز کر کے آپ وہاں پہنچ سکتے ہیں جو آج آپ کے لئے ممکن نہیں۔ اس کے برعکس اگر آپ آج ہی سے ناممکن سے آغاز کریں تو سفر کا آغاز ہی نہ ہوگا۔ آپ ممکن سے بھی محروم رہیں گے اور ناممکن سے بھی۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 1984 All issues

Printed page