Al-Risala · July 1984 · page 23

محاضرات

الرسالہ، جولائی ۱۹۸۴، صفحہ ۲۳

۱۔ دعوت اسلامی کا مطلب میرے نزدیک دعوت الی اللہ ہے۔ موجودہ زمانہ میں دعوت الی اللہ کو جو چیلنج درپیش ہے وہ میرے نزدیک الحادی فکر کا غلبہ ہے۔ اس لئے دعوت اسلامی کی راہ ہموار کرنے کے لئے سب سے پہلی ضرورت یہ ہے کہ دنیا سے الحادی فکر کا غلبہ ختم کیا جائے۔ قدیم زمانہ میں مادی مظاہر کو خدا قرار دے کر انسان نے خدا کو چھوڑ دیا تھا۔ موجودہ زمانہ میں مادی مظاہر کے پیچھے کام کرنے والے سلسلہ اسباب کو خدا قرار دے دیا گیا ہے اور اسی کا نام الحاد ہے۔ جب تک اس فکری ڈھانچہ کو توڑا نہ جائے کوئی دوسرا کام نہیں کیا جا سکتا۔ ۲۔ موجودہ زمانہ کے داعیوں کا اصل مسئلہ وہ ہے جو داخلی ہے۔ وہ ابھی تک دعوت اور قومیت کو اور اسی طرح دعوت اور سیاست کو الگ الگ نہیں کر سکے ہیں۔ جس دن وہ دونوں کو ایک دوسرے سے الگ کرنے میں کامیاب ں گے اسی دن ان کے مسائل کے خاتمہ کا بھی آغاز ہو جائے گا۔ ۳۔ صحافت یقیناً اسلامی دعوت کے لئے نہایت اہم ہے۔ مگر میرا خیال ہے کہ مسلمان ابھی تک صرف قومی صحافت کو جانتے ہیں، وہ عالمی صحافت کے میدان میں داخل نہیں ہوئے۔ عالمی صحافت کے لئے موضوعیت (Objectivity) لازمی طور پر ضروری ہے اور مسلمان موضوعیت سے محروم ہیں۔

۴۔ میری زندگی کسی ’’حادثہ‘‘ کے نتیجہ میں نہیں بنی۔ میں نے اسلامی علوم اور غیر اسلامی علوم کا تقریباً ۴۰ سال تک مطالعہ کیا ہے۔ میری شخصیت اسی مطالعہ کے ذریعہ بنی ہے۔

۵۔ جدید علمی انکشافات کو تفسیر قرآن میں استعمال کرنا میرے نزدیک عین درست ہے شرط صرف یہ ہے کہ معیار اصلی قرآن نہ ہو کہ جدید انکشافات۔ یعنی جدید انکشافات کو قرآن کی روشنی میں دیکھا جائے نہ کہ قرآن کو جدید انکشافات کی روشنی میں۔

علمی نظریات کے بدلنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ دور اول میں جب قرآن نے کہا کہ زمین و آسمان کی نشانیوں پر غور کرو تو انسان نے اپنی اس وقت کی معلومات کی روشنی میں زمین و آسمان پر غور کیا۔ آج بھی یہی ہوگا کہ انسان اپنی موجودہ معلومات کی روشنی میں آیات کون پر غور کرے گا۔ اس کی وجہ سے نہ پہلے کوئی اعتقادی خرابی پیدا ہوئی اور نہ آج ہوسکتی ہے۔ حج کے زمانہ میں حرم میں جو غیر معمولی بھیڑ ہوتی ہے اس کو میں صرف حج کی خصوصیت سمجھتا تھا۔ میرا خیال تھا کہ غیر حج کے زمانہ میں مسجد خالی رہتی ہوگی۔ مگر میں نے دیکھا کہ آجکل بھی نمازوں کے اوقات میں مسجد نبوی تقریباً پوری بھر جاتی ہے۔ اور جمعہ کے دن تو بڑی تعداد میں لوگ مسجد کے باہر نماز ادا کرتے ہیں

‹ Previous page Next page › Contents of July 1984 All issues

Printed page