خبر نامه اسلامی مرکز
الرسالہ، اکتوبر ۱۹۸۴، صفحہ ۴۷
خبر نامه اسلامی مرکز
۱۔ اسلامی لکچر پر وگرام کے تحت ۱۱ اپریل ۱۹۸۴ء کو اسلامی مرکز کے ہال میں ایک اجتماع ہوا جس میں شہر کے اعلیٰ تعلیم یافتہ حضرات شریک ہوئے۔ مثلاً جناب حکیم عبدالحمید صاحب (ہمدرد دواخانہ) پروفیسر مشیر الحق صاحب (جامعہ ملیہ اسلامیہ) مولانا احمد علی صاحب (آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت) وغیرہ۔ تلاوت قرآن کے بعد مولانا محسن عثمانی ندوی نے اسلامی مرکز کا تعارف کرایا۔ اس کے بعد ڈاکٹر اسرار احمد صاحب (لاہور) نے اسلام کے موضوع پر مفصل تقریر کی۔
۲۔ اسلامی مرکز میں ہر مہینہ کے آخری اتوار کی شام کو بعد نماز مغرب مولانا وحید الدین خاں صدر اسلامی مرکز کا درس قرآن ہوتا ہے۔ جولائی ۱۹۸۴ء کے آخری اتوار (۲۹ جولائی) کو ایک پروگرام کے تحت مولانا موصوف کو کوالالمپور ملیشیا میں رہنا تھا۔ چنانچہ مولانا نے پیشگی طور پر ۴۵ منٹ کا ایک درس قرآن ٹیپ پر ریکارڈ کرا دیا ۔ ۲۹ جولائی ۱۹۸۴ء کو مولانا کی غیر موجودگی میں اجتماع ہوا اس میں یہی ٹیپ حاضرین کو سنایا گیا ۔ لوگوں نے اس طریقہ کو بہت پسند کیا اور خواہش ظاہر کی کہ آئندہ بھی مولانا کے بیرونی اسفار کے موقع پر اسی طرح ٹیپ پر درس قرآن محفوظ کر لیا جائے اور اسی کو اجتماع میں سنایا جائے ۔
۳۔ پاکستان میں سرکاری سطح پر ایک عالمی مقابلہ سیرت ہوا تھا۔ اس مقابلہ میں مولانا وحید الدین خاں صاحب کی کتاب «پیغمبر انقلاب» کو اول انعام کا مستحق قرار دیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں 27 اگست1984 کو سفارت خانہ پاکستان (نئی دہلی) میں ایک خصوصی تقریب ہوئی ۔ اس موقع پر سفیر پاکستان جناب ہمایوں خاں صاحب نے مولانا موصوف کو حکومت پاکستان کی طرف سے ” سند امتیاز “ عطا کی جس کا عکس مقابل کے صفحہ پر دیا جا رہا ہے۔ اس تقریب میں سفارت خانہ کے تمام ڈپلومیٹ اور اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ سفیر پاکستان جناب ہمایوں خاں صاحب نے بعض عرب مہمانوں کی رعایت سے انگریزی میں تقریر کی جس میں مولانا موصوف کی علمی اور دینی خدمات کا اعتراف کیا۔ اس کے بعد مولانا وحید الدین خاں صاحب نے مختصر تقریر کی جس میں کتاب ” پیغمبر انقلاب “ کا خلاصہ بیان کیا اور موجودہ زمانہ میں سیرت کے مطالعہ کی اہمیت واضح کی۔
۴۔ اسلامی مرکز سے شائع ہونے والی تفسیر ”تذکیر القرآن“ میں اس وقت سورہ کہف کا حصہ زیر ترتیب ہے۔ سورہ بنی اسرائیل (نصف قرآن) تک مکمل ہو کر کتابت بھی انجام پا چکی ہے، ان شاء اللہ عنقریب اس کا دوسرا حصہ شائع کیا جائے گا۔
‹ Previous page Next page › Contents of October 1984 All issues