ابتدائی تیاری
الرسالہ، ستمبر ۱۹۸۵، صفحہ ۲۷
ابتدائی تیاری
ٹیکسٹائل انڈسٹری میں ایک اصطلاح استعمال کی جاتی ہے جس کو پریٹریٹمنٹ (Pretreatment) کہتے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ ابتدائی کپڑے کو ضروری کارروائیوں سے اس قابل بنا نا کہ وہ اگلے مرحلہ کے عمل کو قبول کر سکے ۔
کپڑے کو اگر رنگنا ہے تو ضروری ہے کہ پہلے اس کی صفائی کی جائے ۔ اس کو اس قابل بنایا جائے کہ وہ رنگ کو پوری طرح پکڑ سکے۔ اگر وہ بخوبی طور پر صاف نہ ہو یا رنگ کو جذب کرنے کی صلاحیت اس کے اندر پیدا نہ کی گئی ہو تو رنگ اس پر اچھی طرح ظاہر نہیں ہو سکتا۔ اندازہ کیا گیا ہے کہ رنگے ہوئے کپڑوں کے ۷۰ فی صد نقائص صرف اس لئے ہوتے ہیں کہ ان پر پریسٹینگ عمل ٹھیک طور پر نہیں کیا گیا تھا۔ پیشگی تیاری کا یہ اصول انسانی معاملات کے لئے بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ کپڑے کے معاملہ کے لئے۔ اگر ہم اپنے اقدام کا اچھا نتیجہ دیکھنا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ اقدام سے پہلے متعلقہ تیاریاں بھی ضرور مکمل کر لیں ۔ ابتدائی ضروری تیاریوں کے بغیر جو اقدام کیا جائے گا اس کا انجام اس کپڑے کا سا ہوگا جو پری ٹریٹمنٹ کے بغیر رنگائی کے مرحلہ میں داخل کر دیا جائے ، بلکہ شاید اس سے بھی زیادہ برا۔ اگر آپ اعلیٰ صحافت وجود میں لانا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ آپ کے پاس انڈسٹری ہو۔ کیونکہ انڈسٹری ہی اخبارات کو خوراک فراہم کرتی ہے۔ جس قوم کے پاس انڈسٹری نہیں، اس کے پاس صحافت بھی نہیں۔
اگر آپ الیکشن کے موقع پر اپنے ووٹوں کی طاقت استعمال کرنا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ اس سے پہلے آپ کے اندر اتحاد پیدا ہو چکا ہو۔ اگر آپ کی صفوں میں اتحاد نہیں ہے تو آپ کے ووٹ منتشر ہو جائیں گے وہ کوئی سیاسی طاقت نہ بن سکیں گے ۔
اگر آپ کوئی اجتماعی اقدام کرنا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ آپ کے اندر اجتماعی قیادت ہو، یعنی ایک ایسا سردار جس کی بات سب لوگ مانتے ہوں۔ اجتماعی قیادت پیدا کئے بغیر اجتماعی اقدام کرنا صرف ناکامی کے گڑھے میں چھلانگ لگانا ہے۔
‹ Previous page Next page › Contents of September 1985 All issues