Al-Risala · October 1990 · page 20

تعمیر یا تخریب

الرسالہ، اکتوبر ۱۹۹۰، صفحہ ۲۰

کیوں کہ جماعت اسلامی کے لوگ اگر بے بنیاد نظریہ میں گم نہ ہوتے تو وہ اپنی کوششوں کو سیاست کی چٹان پر ضائع نہ کرتے بلکہ اس کو افراد کی اصلاح میں لگاتے۔ اور پھر وہ مقصد اب تک حل ہو چکا ہوتا جو غلط مقام پر محنت کرنے کی وجہ سے حاصل نہ ہو سکا۔

مولانا ابو الاعلیٰ مودودی نے انتہائی بے بنیاد طور پر یہ نظریہ بنایا کہ سماج کی یا سماجی شعبوں کی اصلاح حکومت کی طاقت سے ہوتی ہے، اس لئے حکومت کی طاقت پر قبضہ کرو۔ جماعت اسلامی کے افراد اسی بے بنیاد نظریہ سے متاثر ہو کر پچھلے پچاس برس سے حکومت پر قبضہ کرنے کی مہم چلا رہے ہیں۔ دلیل کے اعتبار سے یہ نظریہ پہلے ہی رد کیا جا چکا تھا۔ مگر تجربہ کے اعتبار سے وہ جنرل ضیاء الحق کے زمانہ حکومت (۱۹۸۸ - ۱۹۷۷) میں رد ہو گیا۔ اب اگر جماعت کے لوگ اپنی کوششوں کو مفید بنانا چاہتے ہیں تو انھیں چاہئے کہ وہ اپنے سابقہ سیاسی نظریہ کی غلطی کا اعلان کریں۔ اور اس کے بعد موجودہ تخریبی طریقوں کو چھوڑ کر خالص اصلاحی انداز میں افراد کی ذہنی تعمیر میں لگ جائیں۔ یہ اگرچہ ایک دیر طلب کام ہے، اور اس میں عوامی لیڈری بھی نہیں ملتی، تاہم کسی معاشرہ میں کوئی حقیقی نتیجہ پیدا کرنے کے لئے اس کے سوا کوئی دوسری تدبیر نہیں۔

حکومت کی طاقت سے سماجی برائیوں کو دور کرنا، بظاہر ہر ایک خوب صورت نظریہ ہے۔ مگر وہ عملاً ناممکن ہے۔ اگر آپ انسان کو بدلے بغیر حکومتی سطح پر برائیوں کو ختم کرنے کی کوشش کریں تو اس کا نتیجہ صرف یہ ہو گا کہ برائی ایک نئی صورت میں قائم ہو جائے گی، وہ لوگوں کی زندگیوں سے ختم نہیں ہو سکتی۔ برائی کو ختم کرنے کے سلسلہ میں پہلا کام افراد کے اندر برائیوں کو چھوڑنے کی آمادگی پیدا کرنا ہے۔ اس آمادگی کو پیدا کرنے سے پہلے " انسداد منکرات" کے نام پر حکومت کے خلاف ایجی ٹیشن چلانے سے منکرات کا انسداد تو نہیں ہوگا البتہ پورا سماج تخریبی سماج بن جائے گا۔ حقیقت یہ ہے کہ عوام کی بھیڑ کو جمع کر کے چوراہا پر ٹی وی سیٹ کے اوپر پتھر مارنا صرف جھوٹی لیڈری ہے۔ سچا لیڈر وہ ہے جو عوام کو اس پر آمادہ کرے کہ وہ اپنے گھروں میں جا کر اپنا اپنا ٹی وی سٹ توڑ ڈالیں ۔ اور ایسا لیڈر سارے عالم اسلام میں کوئی ایک بھی نہیں۔ امریکہ میں الرسالہ اور اسلامی مرکز کی کتابوں کے لئے مندرجہ ذیل پتہ پر رابطہ قائم کریں۔ Mr. Khaja Kaleemuddin New York Tel. 718-258 3435

‹ Previous page Next page › Contents of October 1990 All issues

Printed page