Al-Risala · January 1990 · page 3

پیغمبر اعظم

الرسالہ، جنوری ۱۹۹۰، صفحہ ۳

پیغمبر اعظم

محمد بن عبد اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو قرآن میں خاتم النبیین (الاحزاب ۴۰) کہا گیا ہے۔ اس کا مطلب سادہ طور پر صرف یہ نہیں ہے کہ آپ نبوت کی فہرست کی آخری کڑی تھے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ نبیوں کو بھیجنے سے جو مقاصد مطلوب تھے ، وہ اللہ تعالیٰ نے آپ کے ذریعہ آخری طور پر مکمل کر دیئے ۔ ہی لیے آپ آخری نبی قرار پائے ۔ آپ کے بعد اب مزید کسی نبی کو بھیجنے کی ضرورت باقی نہیں رہی ۔ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ نبوت کے تمام مقاصد کی تکمیل ہونا صرف شخصی عقیدہ کی بات نہیں ہے بلکہ یہ ایک معلوم تاریخی واقعہ ہے۔ اسی لیے انگریز مورخ تھامس کارلائل نے آپ کو پیغمبروں کا ہیرو بتایا ہے۔ امریکی پروفیسر مائیکل ہارٹ نے آپ کو تاریخ کا سب سے بڑا انسان کہا ہے۔ کروڑوں اہل اسلام آپ کو تمام پیغمبروں میں سب سے اعظم اور افضل پیغمبر مانتے ہیں ۔

خدا کی طرف سے جتنے پیغمبر آئے ، سب توحید کا پیغام لے کر آئے۔ مگر آپ سے پہلے تمام پیغمبروں کے زمانہ میں توحید کا پیغام صرف دعوتی مرحلہ میں رہا ۔ وہ انقلاب کے مرحلہ تک نہیں پہونچا۔ محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اصحاب کی مدد سے اس کو عملی انقلاب کے مرحلہ تک پہونچا دیا ۔ محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے خدا کے دین میں تحریفات ہوتی رہیں۔ یہاں تک کہ حضرت نوح سے لے کر حضرت مسیح تک کسی پیغمبر کا دین بھی تحریف سے خالی نہ رہا۔ آپ کے ذریعہ تاریخ نبوت میں پہلی بار ایسا ہو اک خدا کا دین تحریفات سے پاک ہو کر ہمیشہ کے لیے ایک محفوظ دین کی صورت میں قائم ہوگیا۔ محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے مذہب نزاعی دور میں تھا۔ مذہب کے ساتھ وہ حقائق جمع نہیں ہوئے تھے جو اس کو ایک تاریخی مسلمہ بنا دیں ۔ آپ کے ذریعہ یہ عظیم کارنامہ انجام پایا کہ مذہب کی تحریک نزاعی مذہب کے دور سے نکل کر مسلّمہ مذہب کے دور میں داخل ہوگئی ۔

محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے مذہبی تعلیمات کی پشت پر ایک حقیقی عملی تاریخ موجود نہ تھی ۔ آپ اور آپ کے اصحاب کے ذریعہ پہلی بار ایسا ہوا کہ مذہب کی اعلیٰ تعلیمات مجرد تعلیمات نہ رہیں بلکہ ان کے پیچھے ہر اعتبار سے ایک مکمل واقغاتی تاریخ موجود ہو گئی ۔ حقیقت یہ ہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت میں بولا ہوا ہر لفظ ایک ثابت شدہ واقعہ ہے نہ کہ فرضی نوعیت کا صرف ایک شخصی عقیدہ ۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 1990 All issues

Printed page