فرحت در راحت و عشرت، ہمہ فرماں بردار
الرسالہ، فروری ۱۹۹۵، صفحہ ۳۳
آخر کار گاڑی ہلٹن ہوٹل کے سامنے رکی۔ ریسپشن نے ضروری کارروائی کی۔ انھوں نے ہی ایئر انڈیا کی طرف سے ٹیکسی کا کرایہ ادا کیا۔ اس کے بعد ہوٹل کے ایک آدمی نے مجھے کمرہ نمبر ۲۲ میں پہنچا دیا۔ رات کے کھانے کے لئے یہاں کے مطعم میں گیا۔ طرح طرح کے کھانے تھے مگر سب فرانسیسی انداز کے تھے۔ میری سمجھ میں نہیں آیا کہ کیا کھاؤں۔ مشکل سے تھوڑا سا کھایا اور کمرہ میں واپس آگیا۔ افروزی کو عشاء کی نماز ہلٹن ہوٹل کے کمرہ میں پڑھی۔ ہوٹل کا میگزین ہلٹن گیسٹ دیکھتے ہوئے اس کے ایک صفحہ پر نظر پڑی۔ اس میں عالمی بینکنگ کے ایک ادارہ کا اشتہار تھا۔ پہاڑی کے پس منظر میں بنی ہوئی ایک وسیع بلڈنگ کی تصویر تھی۔ بتایا گیا تھا کہ ہمارے دفاتر ہر جگہ اور ہر شہر میں موجود ہیں۔ اس کے نیچے جلی حرفوں میں لکھا ہوا تھا ـــ آپ جہاں بھی ہوں آپ ہم سے زیادہ دور نہیں ہیں: Wherever you are, you are never far from Credit Suisse. میں نے سوچا کہ یہ الفاظ زیادہ صحیح طور پر آخرت کے معاملہ پر چسپاں ہوتے ہیں۔ انسان جہاں بھی ہو، وہ ہر لمحہ آخرت کی دنیا میں کھڑا ہو۔ اپنے کسی بھی لمحہ دروازہ کھلے گا اور وہ اچانک اس کے اندر داخل ہو جائے گا۔
فرانس اور انگلینڈ کے درمیان انگلش چینل حائل ہے۔ دونوں کو ملانے کے لئے اس سمندری حصہ کے نیچے لمبی سرنگ (tunnel) بنائی جارہی ہے۔ ابتداً اس کا کام ۱۸۸۰ میں شروع ہوا۔ مگر اس کے بعد یہ کام رک گیا۔ دوبارہ یہ کام ۱۹۸۵ میں شروع ہوا۔ یہ کام انگلینڈ اور فرانس کی حکومتوں کے تعاون سے انجام دیا جا رہا ہے۔ اس کا نام یورپی سرنگ (Eurotunnel) ہے۔ اندازہ ہے کہ اس کی تکمیل میں ۵ ۵ سال لگ جائیں گے۔ اس کے بعد ایک کار صرف ۳۵ منٹ میں فرانس سے انگلینڈ پہنچ جائے گی جبکہ سمندری کشتیوں کے ذریعہ ادھر سے اُدھر پہنچنے میں تقریباً ۵۰ منٹ لگتے ہیں۔ زیر تعمیر سرنگ تقریباً دو ہزار میٹر لمبی ہوگی۔ وہ جدید ترین ٹکنیک کے ذریعہ تیار کی جارہی ہے۔
مغربی ملکوں میں مسلسل نئی ریسرچ ہوتی رہتی ہے۔ جاپان میں یہ مشینی طریقہ رائج ہو چکا ہے کہ ایک آدمی اپنے ہاتھ کی انگلیوں کو استعمال کئے بغیر آواز کو پہچاننے والے مخصوص کمپیوٹر (voice-recognising computer) کے سامنے اپنا خط ڈکٹیٹ کرتا ہے اور وہ اپنے آپ اس کو ٹائپ کرتا چلا جاتا ہے۔ اب ایسے ٹیلی فون بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جس میں ریسیور کو ہاتھ میں
‹ Previous page Next page › Contents of February 1995 All issues