ایھا الانسان
الرسالہ، جون ۱۹۹۷، صفحہ ۳۹
ایھا الانسان
قرآن کی سورہ نمبر ۸۲ میں انسان کو خطاب کرتے ہوئے کہا گیا ہے ــــ اے انسان، تجھ کو کس چیز نے اپنے رب کریم کی طرف سے دھوکے میں ڈال رکھا ہے۔ جس نے تجھ کو پیدا کیا۔ پھر تیرے اعضاء کو درست کیا۔ پھر تجھ کو متناسب بنایا۔ جس صورت میں چاہا تم کو ترتیب دے دیا۔ ہرگز نہیں۔ بلکہ تم انصاف کے دن کو جھٹلاتے ہو۔ حالاں کہ تم پر نگہبان مقرر ہیں۔ معزز لکھنے والے۔ وہ جانتے ہیں جو کچھ تم کرتے ہو۔ بے شک نیک لوگ عیش میں ہوں گے۔ اور بے شک گنہگار دوزخ میں۔ انصاف کے دن وہ اس میں ڈالے جائیں گے۔ وہ اس سے جدا ہونے والے نہیں۔ اور تم کو کیا خبر کہ انصاف کا دن کیا ہے۔ پھر تم کو کیا خبر انصاف کا دن کیا ہے۔ اس دن کوئی جان کسی دوسری جان کے لیے کچھ نہ کر سکے گی۔ اور معاملہ اس دن اللہ ہی کے اختیار میں ہوگا (الانفطار 19-6) انسان معلوم کائنات کی سب سے زیادہ با معنی مخلوق ہے۔ انسان کو ایک ایسا جسم دیا گیا ہے، جو انتہائی حد تک موزوں ہے۔ اس کو ایک ایسا دماغ دیا گیا ہے، جس سے بہتر عطیہ کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ اسی کے ساتھ جس دنیا میں انسان کو رکھا گیا ہے، وہ بھی ناقابل بیان حد تک انسانی ضروریات کے مطابق ہے۔
عطیہ ہمیشہ ساتھ ذمہ داری لاتا ہے۔ یہی فطری اصول انسان کے معاملہ میں بھی ہے۔ انسان کو جو غیر معمولی عطیہ ملا ہے وہ خود اس بات کا اعلان ہے کہ اس کے ساتھ کچھ ذمہ داریاں بھی جڑی ہوئی ہیں۔ وہ ذمہ داری یہ ہے کہ انسان خدا کی نعمتوں کو خدا کی امانت سمجھے۔ وہ خدا کے عطیات میں خدا کی مرضی کے مطابق تصرف کرے۔
انسان کی با معنی تخلیق ایک انتہائی با معنی مقصد کے لیے ہے۔ اور وہ یہ ہے کہ ایک دن اس کو انصاف کی عدالت میں کھڑا کیا جائے اور یہ دیکھا جائے کہ کس نے خدا کی دی ہوئی چیزوں میں صحیح تصرف کیا۔ اور وہ کون ہے جو اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے میں ناکام رہا۔ یہ انصاف کا دن جو موت کے بعد آنے والا ہے، اس دن خدا تمام انسانوں کو اپنے ریکارڈ کے مطابق جانچے گا، اس جانچ میں جو لوگ پورے اتریں ان کے لیے جنت ہے، اور جو لوگ اس جانچ میں پورے نہ اتریں ان کے لیے جہنم۔
‹ Previous page Next page › Contents of June 1997 All issues