مہلت کا لمحہ
الرسالہ، جون ۱۹۹۷، صفحہ ۴۱
مہلت کا لمحہ
قرآن کی سورہ نمبر ۸۶ میں ارشاد ہوا ہے کہ قسم ہے آسمان کی اور رات کو نمودار ہونے والے کی۔ اور تم کیا جانو کہ وہ رات کو نمودار ہونے والا کیا ہے۔ چمکتا ہوا تارہ۔ کوئی جان ایسی نہیں ہے جس کے اوپر نگہبان نہ ہو۔ تو انسان کو دیکھنا چاہیے کہ وہ کس چیز سے پیدا کیا گیا۔ وہ ایک اچھلتے پانی سے پیدا کیا گیا ہے۔ جو نکلتا ہے پیٹھ اور سینے کے درمیان سے ، بے شک وہ اس کے دوبارہ پیدا کرنے پر قادر ہے۔ جس دن چھپی باتیں پرکھی جائیں گی۔ اس وقت انسان کے پاس کوئی نہ زور نہ ہوگا اور نہ کوئی مددگار۔ قسم ہے آسمان چکر مارنے والے کی۔ اور پھوٹ نکلنے والی زمین کی۔ بے شک یہ دو ٹوک بات ہے۔ اور وہ ہنسی کی بات نہیں۔ وہ تدبیر کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ اور میں بھی تدبیر کرنے میں لگا ہوا ہوں۔ پس منکروں کو ڈھیل دے ، ان کو ڈھیل دے تھوڑے دنوں (الطارق ۱-۱۷)
انسان کے اوپر ستارہ کا چمکنا تمثیل کی زبان میں اس واقعہ کی ایک یاددہانی ہے کہ کوئی دیکھنے والا اس کو دیکھ رہا ہے۔ یہ دیکھنے والا انسان کے اعمال کو ریکارڈ کر رہا ہے۔ وہ موت کے بعد دوبارہ انسان کو پیدا کرے گا۔ اور اس سے اس کے تمام اعمال کا حساب لے گا۔ یہ صرف امتحان کی مہلت ہے۔ جو انسان کے درمیان اور آنے والے وقت کے درمیان حد فاصل بنی ہوئی ہے۔ امتحان کی مدت ختم ہوتے ہی اس کا وہ انجام سامنے آ جائے گا جس سے آج وہ بظاہر بہت دور نظر آتا ہے۔
کائنات کا خالق اپنی ذات کے اعتبار سے غیب میں ہے۔ مگر اپنے تخلیقی عمل کے اعتبار سے وہ کائنات کی ہر چیز میں نمایاں ہے۔ انسان اگر سنجیدگی کے ساتھ کائنات پر غور کرے تو وہ یقینی طور پر خدا کو پالے گا۔ وہ اس حقیقت کو جان لے گا کہ موجودہ کائنات میں اس کے لیے صرف خدا کی اطاعت کا رویہ درست ہے۔ خدا کے ساتھ سرکشی کرنے والے کے لیے خدا کی اس دنیا میں کوئی جگہ نہیں۔ مصنوع صانع کا تعارف ہے۔ اسی طرح مخلوقات میں دیکھنے والے کے لیے خالق کی جھلکیاں دیتی ہیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of June 1997 All issues