Al-Risala · January 1999 · page 6

میزان ، حدید

الرسالہ، جنوری ۱۹۹۹، صفحہ ۶

میزان ، حدید

قرآن کی سورہ نمبر ۵۷ میں ارشاد ہوا ہے کہ۔ ۔۔ ہم نے اپنے رسولوں کو نشانیوں کے ساتھ بھیجا اور ان کے ساتھ اتارا کتاب اور ترازو، تاکہ لوگ انصاف پر قائم ہوں۔ اور ہم نے لوہا اتارا جس میں بڑی قوت ہے اور لوگوں کے لئے فائدے ہیں اور تاکہ اللہ جان لے کہ کون اس کی اور اس کے رسولوں کی مدد کرتا ہے بن دیکھے، بے شک اللہ طاقت والا، زبردست ہے (الحدید ۲۵) اللہ تعالیٰ نے ہر زمانہ میں انسان کی ہدایت کے لئے پیغمبر بھیجے ۔ ان پیغمبروں کے ساتھ ایک طرف ایسی روشن نشانیاں ہوتی تھیں جو ان کے پیغمبر خدا ہونے کو ثابت کر رہی ہوں۔ دوسری طرف ان کے ساتھ خدا کی کتاب ہوتی تھی جس میں انسان کے لئے صحیح رہنمائی درج ہو۔ اب محمد ﷺ خدا کے آخری رسول ہیں اور قرآن خدا کی آخری کتاب۔ خدائی کتاب کے مطابق، انسان کی دو ذمہ داریاں ہیں۔ ایک یہ کہ وہ خود قسط (انصاف) پر قائم ہو۔ دوسرے یہ کہ وہ حق کے لئے اٹھنے والوں کی نصرت (مدد) کرے ۔ ان دو طرفہ ذمہ داریوں کو ادا کرنے کے بعد ہی کوئی انسان خدا کی نظر میں اس قابل بنتا ہے کہ اس کو ابدی انعام سے سرفراز کیا جائے۔ اسی کے ساتھ خدا نے یہ کیا کہ دونوں قسم کے عمل کے لئے دنیا میں مادی مثالیں قائم کردیں۔ یہ مادی مثالیں یہ ہیں۔ ترازو اور لوہا۔

ترازو ٹھیک اور صحیح ناپ کا ذریعہ ہے، وہ کبھی کسی چیز کو کم یا زیادہ نہیں ناپتا۔ یہی صفت انسان کے اندر اخلاق کے اعتبار سے ہونا چاہئے وہ لین دین میں یا معاملہ کرنے میں پورا پورا انصاف برتے، وہ قسط کی روش سے ذرا بھی نہ ہٹے ۔ اس کا کیریکٹر ترازو کی طرح عادلانہ کیریکٹر بن جائے۔ اسی کے ساتھ دوسری مطلوب چیز یہ ہے کہ آدمی ہمیشہ حق و صداقت کا ساتھ دے۔ جب بھی کچھ لوگ کسی امر حق کے لئے اٹھیں تو وہ ان کا قابل اعتماد مددگار بن جائے۔ اس معاملہ میں وہ لوہے جیسی پختگی کا ثبوت دے۔ حق کی نصرت کے لئے وہ لوہا پوزیشن بن جائے۔ وہ حدیدی کردار کے ساتھ حق کی حمایت کرے ۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 1999 All issues

Printed page