Al-Risala · May 2001 · page 10

اخفاء ایک سنت

الرسالہ، مئی ۲۰۰۱، صفحہ ۱۰

اخفاء ایک سنت

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب مکہ سے مدینہ کے لئے ہجرت فرمائی تو تقریباً ۱۰ دن کے اس سفر میں بہت سے واقعات پیش آئے جو سیرت اور تاریخ کی کتابوں میں مذکور ہیں۔ ان میں سے ایک عبرت انگیز واقعہ وہ ہے جو سراقہ بن مالک بن جعشم سے تعلق رکھتا ہے۔ وہ قدیم عرب کا ایک شہسوار تھا۔ قریش مکہ کو جب معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ سے محفوظ طور پر نکل کر باہر چلے گئے ہیں تو انہوں نے اعلان کیا کہ جو شخص محمد کو پکڑ کر لائے گا اس کو سو اونٹ کا انعام دیا جائے گا۔ سراقہ، جس نے بعد کو اسلام قبول کر لیا، اس انعام کی حرص میں آپ کی تلاش میں نکلا یہاں تک کہ وہ آپ کے قریب پہنچ گیا۔

مگر جیسا کہ روایات میں آیا ہے، اس کا گھوڑا اٹھو کر کھا کر گر پڑا۔ اس نے بار بار آگے بڑھنے کی کوشش کی مگر ہر بار اس کے ساتھ یہی پیش آیا۔ آخر کار اس نے محسوس کیا کہ یہ معاملہ اس کے قابو سے باہر ہے اور وہ محمد اور ان کے ساتھی ابو بکر کو پکڑ نہیں سکتا۔ چنانچہ اس نے دور سے چلا کر امن طلب کیا۔ نیز کچھ تحفہ پیش کرنا چاہا۔ اس کے بعد روایت کے الفاظ یہ ہیں : فلم یردانی ولم يسألاني إلا أن قالا : اخف عنا۔ (سيرة ابن کثیر ۲ / ۲۴۸) یعنی ان دونوں نے میری بات کا کوئی جواب نہیں دیا اور نہ مجھ سے کوئی سوال کیا۔ دونوں نے صرف یہ کہا کہ قریش سے ہماری بات کو مخفی رکھنا۔

اس واقعہ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک اہم سنت معلوم ہوتی ہے، اور وہ ہے سنتِ راز داری۔ یہ بات عقل اور شریعت دونوں کے خلاف ہے کہ آدمی ہر بات کا اعلان کرتا رہے۔ بعض اوقات اعلان ضروری ہوتا ہے مگر بعض اوقات یہ ضروری ہوتا ہے کہ ایک معاملہ کو پوشیدہ رکھا جائے، عام لوگوں کو اس سے باخبر نہ ہونے دیا جائے۔ اس قسم کی راز داری ایک حکیمانہ تدبیر ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 2001 All issues

Printed page