ایک اور عبادت
الرسالہ، جولائی ۲۰۰۷، صفحہ ۸
اسی طرح آپ کچھ لوگوں کے ساتھ یک اچھے کام میں شریک ہوتے ہیں، بعد کو آپ کے اندر دوسروں کے خلاف شکایت کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔ اگر دوسروں کے ساتھ آپ کی شرکت نہ ہوتی تو اس قسم کی شکایت کے مواقع بھی نہ آتے۔ مگر اس شکایت اور اختلاف نے آپ کے لیے یہ عظیم موقع فراہم کر دیا کہ آپ اپنے آپ کو شکایتی نفسیات سے بچائیں اور شکایت اور اختلاف سے اوپر اٹھ کر حق کی خاطر دوسروں کا ساتھ دیتے رہیں۔ پہلے اگر آپ کو اختلاف کے بغیر اتحاد کا ثواب ملتا تھا تو اب مزید اضافے کے ساتھ آپ کو اختلاف کے باوجود اتحاد کا ثواب ملے گا۔
اگر آپ کے پاس کسی کا مال بطور امانت ہے۔ اس کے بعد ایسا ہوا کہ امانت کا کاغذی ثبوت کسی وجہ سے موجود نہ رہا تو یہ حادثہ آپ کے لیے ایک عظیم موقع ہے۔ کیوں کہ آپ متعلق شخص کی امانت کو حسب وعدہ ادا کر کے زیادہ بڑے ثواب کے مستحق بن سکتے ہیں۔
وقت وقت پر پیش آنے والی عبادتوں کے سوا ایک اور عبادت ہے جو حالات کی نسبت سے پیش آتی ہے۔ جب یہ حالات پیش آئیں تو سمجھ لیجیے کہ ایک اور نماز کی ادائیگی کے لیے اذان‘ ہو گئی۔ ایسے موقع پر مومن کو چاہیے کہ وہ اسی شوق کے ساتھ اس مطلوب عبادت کو ادا کرے جس شوق کے ساتھ وہ موقوت عبادتوں کو ادا کرتا ہے۔
جس طرح آپ نماز کی اذان سن کر خوش ہوتے ہیں کہ نماز ادا کر کے ثواب حاصل کرنے کا وقت آگیا۔ اسی طرح آپ کو ان موقعوں پر بھی خوش ہونا چاہیے جب کہ ایک شخص نے اپنی کسی منفی روش سے آپ کے اندر غصہ اور حسد اور انتقام اور شکایت جیسے جذبات پیدا کر دیے ہوں اور اس طرح اس نے آپ کو یہ موقع دیا ہو کہ آپ اپنے اندر جوابی قسم کی منفی نفسیات پیدا نہ ہونے دیں اور ایک طرفہ طور پر مثبت روش اختیار کر کے اپنے آپ کو عظیم تر ثواب کا مستحق بنالیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of July 2007 All issues