Al-Risala · March 2009 · page 16

انسانی اقدار

الرسالہ، مارچ ۲۰۰۹، صفحہ ۱۶

انسانی اقدار

اسلام کا بنیادی عقیدہ توحید ہے، یعنی ایک خدا کو سب کچھ سمجھنا۔ بقیہ تمام چیزیں اسی عقیدے کے ساتھ جُڑی ہوئی ہیں۔ عبادت، اخلاق، معاملات، سب کا سر چشمہ یہی عقیدۂ توحید ہے۔ ایک لفظ میں، اسلامی زندگی، خدا رخی زندگی (God-oriented life) کا نام ہے۔

اسلام میں پانچ وقت کی نمازیں فرض ہیں۔ ان نمازوں کے دوران تقریباً تین سو بار اللہ اکبر کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، بعض نمازوں کے بعد خصوصی تسبیح پڑھی جاتی ہے۔ اس میں بھی بار بار اللہ اکبر کا ذکر کیا جاتا ہے۔ گویا کہ چوبیس گھنٹے کی پوری مدت میں ایک مسلمان جس بات کا سب سے زیادہ ذکر کرتا ہے، وہ اللہ اکبر ہے۔

اللہ اکبر کا مطلب ہے—خدا سب سے بڑا ہے۔ اس طرح، اللہ اکبر میں ایک اور چیز اپنے آپ پوشیدہ ہے، وہ یہ کہ خدا کے سوا جو انسان ہیں، وہ سب کے سب برابر ہیں۔ ان میں سے نہ کوئی انسان بڑا ہے اور نہ کوئی چھوٹا:

God is great, and all men and women are equals.

یہ عقیدہ کوئی سادہ عقیدہ نہیں۔ تمام بہترین انسانی اقدار (human values) اسی سے پیدا ہوتی ہیں۔ جب سب برابر ہیں، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ سب کے حقوق بھی برابر ہیں۔ سب یکساں طور پر اس قابل ہیں کہ ان کے ساتھ محبت اور خیر خواہی کا معاملہ کیا جائے۔ سب کو یکساں طور پر عزت و احترام کا مستحق سمجھا جائے۔ اپنے اور غیر کے درمیان فرق کئے بغیر، ہر ایک کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے۔ ایک خاندان کے اندر جہاں خونی رشتہ (blood relation) سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں، وہاں خود بخود سب کے درمیان برابری کا ماحول قائم ہو جاتا ہے۔ اسی طرح، تمام عورت اور مرد ایک وسیع تریمیلی کے ممبر ہیں۔ اس بڑے خاندان میں بھی وہی برابری مطلوب ہے جو چھوٹے خاندان کے درمیان پائی جاتی ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of March 2009 All issues

Printed page