Al-Risala · January 2009 · page 21

قیامت دستک دے رہی ہے

الرسالہ، جنوری ۲۰۰۹، صفحہ ۲۱

جب تک وہ اعلان کے ساتھ اُس سے اپنی بے تعلقی کا اظہار نہ کریں۔ دونوں ہی طبقے کا کیس مشترک طور پر شدید بے حسی کا کیس ہے۔ ایک طبقے میں اس بے حسی کا اظہار اخلاقی بے حیائی کی صورت میں ہو رہا ہے اور دوسرے طبقے میں انکار منکر کے فریضے کو ترک کرنے کی صورت میں۔ موجودہ زمانے کے مسلمانوں میں انکار منکر نہ کرنے کی صفت آخری حد تک عام ہو چکی ہے۔ جدید میڈیا نے اس معاملے میں مسلمانوں کا عالمی ایکسپوژر (universal exposure) کر دیا ہے۔ یہ بم دھماکے کے واقعات ہیں۔ موجودہ زمانے میں مسلمان جگہ جگہ بم دھماکے کر رہے ہیں۔ عرب دنیا میں فلسطین کے ایشو کو لے کر بم دھماکے کیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح، پاکستان اور افغانستان اور کشمیر میں بم دھماکے جاری ہیں۔ آج کل ہندوستان میں بھی جگہ جگہ بم دھماکے ہو رہے ہیں۔ ان بم دھماکوں میں بے قصور لوگ مرتے ہیں، جب کہ بے قصور لوگوں کو مارنا اتنا بڑا گناہ ہے کہ قرآن میں بتایا گیا ہے کہ ایک بے قصور کو مارنا گویا کہ تمام انسانوں کو مار ڈالنا ہے (المائدة: 32)۔

اس قسم کے بم دھماکے لمبی مدت سے جگہ جگہ ہو رہے ہیں، مگر معلوم طور پر ساری دنیا میں کوئی بھی نہیں جو ان واقعات پر حقیقی معنوں میں انکار منکر کا فریضہ انجام دے رہا ہو، یعنی غیر مشتبہ انداز میں اور متعین طور پر ایسے لوگوں کی مذمت کرنا۔ مسلمانوں میں جو لکھنے اور بولنے والے لوگ ہیں، وہ جب بھی لکھتے اور بولتے ہیں، وہ اس انداز میں لکھتے اور بولتے ہیں جس سے ایسے مسلمانوں کو سند جواز مل جائے، یعنی ٹوسٹ (twist) کر کے بولنا، قیاس کی بنیاد پر کلام کرنا، غیر متعین اور غیر مشخص انداز میں تبصرہ کرنا، سرے سے واقعے کا انکار کرنا، ایسے واقعات کو پولیس اور میڈیا کی سازش بتانا، مسلمانوں کے فعل پر اُن کی مذمت کرنے کے بجائے اس پر خاموش رہ کر اسلامی تعلیمات کا حوالہ دے کر یہ کہنا کہ اسلام میں ایسا نہیں ہے، وغیرہ۔ مسلمان، شرعی معیار کی بنیاد پر اس دنیا میں اپنے لیے حق زیست کھو چکے ہیں، اور غیر مسلم، اخلاقی معیار کی بنیاد پر یہ ثابت کر رہے ہیں کہ اُنھیں اس دنیا میں مزید مہلت حیات ملنے کا کوئی جواز نہیں۔ ایسی حالت میں یہ کہنا صحیح ہوگا کہ قیامت ہمیں دروازے پر پہنچ کر دستک دے رہی ہے۔ کچھ نہیں معلوم کہ کب وہ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو جائے۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 2009 All issues

Printed page