السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاته
الرسالہ، جولائی ۲۰۱۰، صفحہ ۴۵
Al-Quran Mission محترم بھائیو اور بہنو!
السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاته
سی پی ایس انٹرنیشنل کے تحت 2 اپریل 2010 کو صدر اسلامی مرکز مولانا وحید الدین خاں صاحب نے القرآن مشن (Al Quran Mission) کا افتتاح کیا۔ یہ افتتاح نئی دہلی کے انڈیا انٹرنیشنل سنٹر میں دوروزه دعوتی اجتماع (Dawah Meet) میں کیا گیا۔ القرآن مشن کا مقصد ادخال کلمہ ہے، یعنی ہر گھر میں خدا کے کلام کو پہنچانا۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ قیامت سے پہلے ہر چھوٹے اور بڑے گھر میں اسلام کا کلمہ (قرآن) داخل ہو جائے گا۔ القرآن مشن کا مقصد اسی پیغمبرانہ پیشین گوئی کو واقعہ بنانا ہے۔
قرآن اس زمین پر واحد محفوظ خدائی کلام ہے، جو پوری انسانیت کے لیے ابدی ہدایت نامے کی حیثیت رکھتا ہے۔ خدائی اسکیم کے مطابق، یہ امر مقدر ہو چکا ہے کہ قیامت سے پہلے تمام انسانوں تک، اُن کی اپنی قابلِ فہم زبان میں، خدا کا کلام پہنچ جائے، تا کہ کوئی بھی عورت یا مرد خدا کے تخلیقی پلان سے بے خبر نہ رہے۔ موجودہ زمانے میں جدید کمیونی کیشن نے اس بات کو پوری طرح ممکن بنا دیا ہے کہ کرہ ارض پر بسنے والے تمام مردوں اور عورتوں کو خدا کا کلام پہنچایا جا سکے۔ القرآن مشن اسی دعوتی نشانے کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ جدید ذرائع ابلاغ کو استعمال کرتے ہوئے ادخال کلمہ کی پیغمبرانہ پیشین گوئی کو واقعہ بنایا جائے، تاکہ زمین پر بسنے والے تمام لوگ قرآن کے خدائی پیغام سے باخبر ہوسکیں۔ جو لوگ اس ربانی مشن میں شریک ہو کر ہمارا تعاون کرنا چاہتے ہیں، اُن سے گزارش ہے کہ وہ اس سلسلے میں القرآن مشن سے رابطہ کر کے اپنا مکمل پتہ، ٹیلی فون نمبر اور ای میل روانہ کریں، نیز اس بات کو واضح فرمائیں کہ آپ القرآن مشن میں شامل ہو کر کس طرح اس کے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ اللہ ہمارا حامی و ناصر ہو۔
ثانی اثنین خاں
‹ Previous page Next page › Contents of July 2010 All issues