احیاء ملت
الرسالہ، مارچ ۲۰۱۳
احیاء ملت
موجودہ زمانے کے مسلمانوں میں بظاہر سب کچھ موجود ہے۔ اُن کے یہاں بظاہر عبادت بھی ہے، دعوت و تبلیغ بھی ہے، تزکیہ کے ادارے بھی ہیں، مگر حقیقی نتیجے کے اعتبار سے، کوئی بھی چیز اُن کے یہاں دکھائی نہیں دیتی۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ظاہری دھوم کے باوجود خدا کی رحمت اُن سے اٹھ گئی ہے۔ اُن کا حال وہ ہورہا ہے جس کو بائبل میں، ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے — تمھاری قوت بے فائدہ صرف ہوگی ، کیوں کہ تمھاری زمین سے کچھ پیدا نہ ہوگا۔ (احبار: 26) اس کا سبب کیا ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ ان کی تمام سرگرمیاں حقیقی اسلامی اسپرٹ سے خالی ہیں ۔ ان کے یہاں اسلام کا ظاہری فارم ہے، مگر اُن کے یہاں اسلام کی داخلی معنویت نہیں۔ ان کی عبادت ایک بے روح عبادت (spiritless ibadat) ہے۔ اُن کا تزکیہ بے دماغ تزکیہ (mindless tazkia) ہے۔ ان کی دعوت بے چیلنج دعوت (challengeless dawah) ہے۔ اُن کے یہاں اسلام کا ڈھانچہ ہے، ان کے یہاں اسلام کی حقیقی روح موجود نہیں۔ موجودہ زمانے میں مسلم ملت کا احیاء اس طرح نہیں ہو سکتا کہ ان کے اندر تاریخی فخر پیدا کیا جائے۔ فضائل کی کہانیاں سنا کر اُن کے درمیان فارم والی عبادت کو زندہ کر دیا جائے۔ پس ماندہ طبقے کے لوگوں کو کلمہ پڑھوادیا جائے جس میں داعی کے لیے کوئی ذہنی چیلنج پیش نہ آتا ہو۔ احیاء ملت کی اس قسم کی کوششیں کبھی مطلوب نتیجہ پیدا نہیں کر سکتیں ۔
زوال یافتہ امت کی اصلاح افراد کے اندر انقلاب لانے سے ہوتی ہے، نہ کہ بھیڑ اکٹھا کر کے اُن کے سامنے جذباتی تقریریں کرنے سے۔ اصلاح امت کا آغاز ذہنی انقلاب سے ہوتا ہے، اور ذہن افراد کے اندر ہوتا ہے، نہ کہ کسی بھیڑ (crowd) کے اندر۔ مزید یہ کہ اصلاح کا یہ کام عصری اسلوب کے مطابق ہونا چاہیے ۔ روایتی قسم کی تقریر و تحریر سے آج کے انسان کا مائنڈ ایڈریس نہیں ہوتا ، اس لیے اس کے ذریعے کوئی حقیقی نتیجہ بھی پیدا ہونے والا نہیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of March 2013 All issues