Al-Risala · May 2013 · page

اہل جنت کی رفاقت

الرسالہ، مئی ۲۰۱۳

اہل جنت کی رفاقت

پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات 632 عیسوی کو مدینہ میں ہوئی۔ آخر وقت میں آپ کی اہلیہ عائشہ آپ کے ساتھ تھیں۔ حضرت عائشہ کا بیان ہے کہ آخر وقت میں آپ کی زبان سے یہ الفاظ نکلے: اللهم الرفيق الأعلى (البخاري، رقم الحديث: 6348) یعنی اے اللہ، تیری رفاقت چاہیے۔ ایک اور روایت میں حضرت عائشہ کے یہ الفاظ نقل کئے گئے ہیں: جعلت أسمعه يقول: في الرفيق الأعلى، ثم قرأ: مَّعَ الَّذِينَ أَنْعَمَ اللَّهُ عَلَيْهِم مِّنَ النَّبِيِّينَ وَالصِّدِّيقِينَ وَالشُّهَدَاءِ وَالصَّالِحِينَ وَحَسُنَ أُولَئِكَ رَفِيقًا (4:69) یعنی میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ اے اللہ، رفیق اعلیٰ کے ساتھ۔ پھر آپ نے یہ آیت پڑھی: ’’اُن لوگوں کے ساتھ جن پر اللہ نے انعام کیا، یعنی پیغمبر اور صدیق اور شہید اور صالح، اور کیسی اچھی ہے اُن کی رفاقت‘‘۔ (فتح الباری بشرح صحیح البخاري، 7/743)

اس واقعے کا تعلق محدود طور پر خصائصِ نبوت سے نہیں ہے، بلکہ اس کا تعلق تمام اہل ایمان سے ہے۔ ایک مومن جب سچے ایمان کے ساتھ دنیا میں زندگی گزارتا ہے تو اپنے آخری زمانے میں اس کا احساس یہ ہو جاتا ہے کہ اللہ نے مجھے اکرم الخلق (17:70) کی حیثیت سے پیدا کیا، لیکن احسن المقام (25:76) کا تجربہ مجھے نہ ہوسکا۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہ میں پورے معنوں میں ایک طالب انسان تھا، لیکن میرا مطلوب اللہ نے آخرت میں جنت کی صورت میں رکھ دیا تھا، اس لیے میں اس کو نہ پاسکا۔ دنیا میں ایک سچے مومن کی تصویر وہی ہوتی ہے جس کو ایک حدیث رسول میں ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے: الدنيا سجن المؤمن (صحیح مسلم، رقم الحديث: 2956) یعنی دنیا مومن کا قید خانہ ہے۔

جس صاحب ایمان کی نفسیات یہ ہو، وہ اپنے آخری زمانے میں، معنوی طور پر، اُسی کیفیت سے دوچار ہوتا ہے جس کا اظہار مذکورہ روایت میں پیغمبر کے حوالے سے کیا گیا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 2013 All issues

Printed page