انسان کی محرومی
الرسالہ، اگست ۲۰۱۳
پیدا کیا گیا ہے۔ وہ اعلیٰ مقصد یہ ہے کہ آدمی اپنے اندر ربانی شخصیت کی تعمیر کرے اور آخرت میں ابدی جنت کی صورت میں اس کا انعام پائے۔
مگر ’’آج‘‘ کے مواقع کو نظر انداز کرکے ’’کل‘‘ کے لیے اپنے آپ کو وقف کردینا انسان کو مشکل معلوم ہوتا ہے، اس لیے وہ ایسا کرتا ہے کہ وہ آنے والے کل (tomorrow) کو نظر انداز کردیتا ہے اور اُس فوری فائدہ کے حصول کو اپنا نشانہ بنا لیتا ہے جس کو آج کل ’رائٹ ہیئر، رائٹ ناؤ‘ (right here, right now) کہا جاتا ہے، اس طرح انسان اپنے آپ کو اُس اعلیٰ کامیابی سے محروم کرلیتا ہے جو اُس کے خالق نے اس کے لیے مقدر کیا ہے۔
ایسے انسان کی مثال اُس کتے سے دی گئی ہے جس کا حال یہ ہوتا ہے کہ اگر اس پر بوجھ لادا جائے تب بھی وہ ہانپے اور اگر چھوڑ دیا جائے تب بھی ہانپے۔ یہ تمثیل بہت بامعنی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنی تخلیق کے اعتبار سے چوں کہ جنت کے لیے پیدا کیا گیا ہے، اس لیے جنت کے سوا کوئی اور نشانہ اختیار کرنے کی صورت میں اس کی فطرت ہمیشہ غیر مطمئن رہتی ہے۔ پہلے مرحلے میں اُس کو یہ نشانہ بہت مشکل نظر آتا تھا کہ وہ نہ دکھائی دینے والی آخرت کی خاطر دکھائی دینے والی دنیا کو قربان کردے۔ لیکن جب وہ دکھائی دینے والی دنیا کے حصول کے لیے اپنی پوری طاقت لگا دیتا ہے اور بظاہر اپنا نشانہ پورا کرلیتا ہے، تب بھی وہ غیر مطمئن رہتا ہے، کیوں کہ جس دنیوی چیز کو اُس نے پایا ہے، وہ اس کی اُس داخلی طلب کے مطابق نہیں جو فطری طور پر اس کے اندر موجود ہے۔
’’یہ مثال اُن لوگوں کی ہے جنھوں نے ہماری نشانیوں کی تکذیب کی۔ ‘‘ یہاں تکذیب سے مراد نظر انداز کرنا یا سبق نہ لینا ہے۔ انسان کا معاملہ یہ ہے کہ اُس کو ایک خدا طلب مخلوق (God-seeking being) کے طور پر پیدا کیا گیا ہے۔ جب وہ خدا کے سوا کسی اور چیز کو اپنا مقصود بناتا ہے تو بہت جلد اس کو عدم مطابقت کا احساس ہونے لگتا ہے۔ اس کی فطرت یاد دلاتی ہے کہ یہ وہ چیز نہیں جو تمھارا اصل مقصود تھی، مگر آدمی شیطان کے زیر اثر فطرت کے ان اشاروں کو نظر انداز کردیتا ہے، وہ بدستور ایسا کرتا ہے کہ وہ غیر مقصود کو اپنا مقصود بنائے رہتا ہے۔ وہ اسی حال میں جیتا ہے، یہاں تک کہ مرکر اس دنیا سے چلا جاتا ہے۔
‹ Previous page Next page › Contents of August 2013 All issues