تواصی بالحق، تواصی بالصبر
الرسالہ، مئی ۲۰۱۴
انسان کی تخلیق
انسان کے مقصد تخلیق کے بارے میں قرآن میں مختلف آیتیں آئی ہیں۔ اُن میں سے ایک آیت یہ ہے: اَفَحَسِبْتُمْ اَنَّمَا خَلَقْنٰكُمْ عَبَثًا وَّاَنَّكُمْ اِلَيْنَا لَا تُرْجَعُوْنَ (23:115) یعنی کیا تم نے یہ گمان کر رکھا ہے کہ ہم نے تم کو بے مقصد پیدا کیا ہے اور تم ہماری طرف لوٹائے نہیں جاؤ گے۔ انسان کو اس کے پیدا کرنے والے نے بہترین صورت (40:64) پر پیدا کیا ہے۔ انسان ساری کائنات میں ایک مکرم مخلوق (17:70) کی حیثیت رکھتا ہے۔ انسان کو اس کے پیدا کرنے والے نے بہترین صلاحیتیں عطا کی ہیں (95:4)۔ انسان کو استثنائی طور پر عقل دی گئی ہے جو کسی بھی دوسری مخلوق کو حاصل نہیں (68:23)۔
حقیقت یہ ہے کہ انسان اپنی تخلیق کے اعتبار سے، ایک انتہائی با معنی مخلوق ہے۔ انسان کی تخلیق میں ایک انتہائی ذہین ڈیزائن (intelligent design) پائی جاتی ہے۔ اس تخلیق میں یہ واضح اشارہ موجود ہے کہ انسان سے اس کے خالق کو اس دنیا میں ایک مثبت کردار (positive role) مطلوب ہے مگر عجیب بات ہے کہ عام طور پر انسان اس کے برعکس منفی کردار ادا کرتا رہا ہے۔ یہ بلا شبہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا سوال ہے۔
اس سوال کا جواب ایک حدیث رسول کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے: أكثروا ذكر هادم اللذات الموت (الترمذي، رقم الحديث: 2307) یعنی تم موت کو بہت زیادہ یاد کرو جو لذتوں کو ڈھا دینے والی ہے۔ اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ انسان وقتی لذتوں میں گم ہو کر اس اعلیٰ رول کو ادا کرنے میں ناکام رہتا ہے جو اس کے لیے اس کی صلاحیت کے اعتبار سے مقدر کیا گیا ہے۔ انسان کو یہ کرنا ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنے شعور کو بیدار کرے۔ وہ خالق کے اس اشارے کو سمجھے کہ اگر میں نے خالق کے تخلیقی نقشے کے مطابق، اپنے آپ کو خدائی مشن سے لگایا جو کہ میری صلاحیتوں کا اصل استعمال ہے تو اس کے بعد میری زندگی کی تمام ضرورتوں کی اعلیٰ تکمیل خود خالق کی طرف سے کی جائے گی۔