Al-Risala · March 2015 · page 17

وضو اور قرآن

الرسالہ، مارچ ۲۰۱۵، صفحہ ۱۷

وضو اور قرآن

عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ قرآن کو چھونے کے لیے باوضو ہونا ضروری ہے۔ بے وضو آدمی قرآن کو نہیں چھوسکتا۔ یہ بلاشبہ ایک بے بنیاد مسئلہ ہے۔ یہ مسئلہ قرآن میں مذکور نہیں، وہ تمام تر بعد کے زمانے میں مدون ہونے والی فقہ کی پیداوار ہے۔ اصل یہ ہے کہ بعد کے زمانے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے اسلام قبول کیا۔ یہ سب اپنے پچھلے مذہب کے ذہن (mindset) کو لے کر اسلام میں داخل ہوئے۔ ان میں سے بہت سے لوگوں نے عربی زبان سیکھی، اور وہ عالم اور امام بن گئے۔ یہی وہ نومسلم علماء ہیں، جنھوں نے فقہ کی تدوین کی، انھوں نے اپنے قدیم مذہبی مزاج کے مطابق بہت سے مسائل غیر شعوری طور پر اسلام میں داخل کردئے، جو کہ دورِ صحابہ میں پائے نہیں جاتے تھے۔ مزید یہ کہ انھوں نے ان خود ساختہ فقہی مسائل کی تائید کے لیے قرآن کی آیتوں کی غلط تاویل کی۔ مثلاً شاتم رسول کو قتل کرنا، قرآن سے ثابت نہیں، لیکن فقہا نے غلط تاویلات کے ذریعہ اس کو اسلام میں شامل کردیا اور یہ لکھ دیا کہ يُقتل حدّا (ایسا شخص بطور قتل کیا جائے گا)۔

انھیں فقہی مسائل میں سے ایک مسئلہ یہ ہے کہ وضو کے بغیر قرآن کو چھونا جائز نہیں۔ مگر یہ انھیں نومسلم فقہا کا وضع کردہ مسئلہ ہے۔ اس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ اگر یہ مسئلہ اسلام کا مسئلہ ہوتا تو یقینی طور پر قرآن میں مذکور ہوتا، مگر قرآن میں ایسی کوئی آیت نہیں۔ یہ حضرات اس معاملہ میں قرآن کی ایک آیت سے استدلال کرتے ہیں ۔ وہ آیت یہ ہے: لَا يَمَسُّهُ إِلَّا الْمُطَهَّرُونَ (56:79)۔ اس آیت میں ایک خبر کا ذکر ہے، نہ کہ کسی حکم کا۔ اور اس خبر کا تعلق بھی فرشتوں سے ہے، انسان سے نہیں۔ اسی غلط مسئلے نے ماضی میں قرآن کی دعوتی اشاعت کا دروازہ بند کر دیا۔ مزید یہ کہ اس آیت میں الا المُطَهَّرُون کا لفظ ہے، نہ کہ الا المُتَوَضِّئُون، یعنی طاہر لوگ اس کو چھوتے ہیں، نہ کہ باوضولوگ۔ حقیقت یہ ہے کہ صحیح تفسیر کے مطابق اس سے مراد فرشتے ہیں، جو کہ باعتبار تخلیق ہمہ وقت طاہر ہوتے ہیں، نہ کہ وضو کر کے طاہر بننے والا انسان۔

‹ Previous page Next page › Contents of March 2015 All issues

Printed page