Al-Risala · September 2015 · page 35

قدرت کا نظام

الرسالہ، ستمبر ۲۰۱۵، صفحہ ۳۵

قدرت کا نظام

قدرت کا نظام فرق (difference) کے اصول پر قائم ہے۔ ہر انسان ایک الگ قسم کی امتیازی صفت (distinctive quality) لے کر پیدا ہوتا ہے۔ انسان کی کامیابی یہ ہے کہ وہ اپنی اس امتیازی صفت کو دریافت کرے۔ دریافت کرنے کا یہ کام انسان کو خود کرنا پڑتا ہے۔ ہر انسان کو یہ کرنا ہے کہ وہ اس معاملہ میں ذاتی دریافت (self discovery) پر کھڑا ہو۔

ذاتی دریافت کے اس عمل میں سب سے بڑا معاون عنصر (supporting element) یہ ہے کہ انسانی سماج کو مبنی بر میرٹ (merit-based society) بنایا جائے۔ انسان جب پیدا ہوتا ہے تو اپنے ماحول میں اس کو مختلف قسم کے کام نظر آتے ہیں۔ وہ مختلف تجربے کرتا ہے۔ اس تجربہ کے دوران اس کو اشارہ ملتا ہے کہ فلاں کام کو میں زیادہ اچھا کر سکتا ہوں۔ یہ اشارہ اس کے لئے اس بات کا ایک طاقت ور محرک (strong incentive) بن جاتا ہے کہ وہ اپنی دریافت کردہ امتیازی صفت کو اپنے عمل کا نشانہ بنائے۔ اس طرح مبنی بر میرٹ سماج میں اپنے آپ ایک خاموش عمل شروع ہو جاتا ہے۔ یہ آٹومیٹک چینلائزیشن (automatic channelization) کا عمل ہے۔ اگر آدمی سنجیدہ ہو، اور دوسروں کی شکایت کرنے کے بجائے اپنا محاسبہ (introspection) کرنا جانتا ہو تو وہ نہایت آسانی سے یہ دریافت کر لے گا کہ اس کے لیے زندگی کی جدوجہد میں سفر کرنے کی سمت کیا ہے۔ مثلاً ایک آدمی نے بزنس شروع کیا اس میں اس نے دیکھا کہ وہ زیادہ کامیاب نہیں ہو رہا ہے، تو اس کو یہ جاننا چاہیے کہ اس کے لیے اپنی صلاحیت کے لحاظ سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ وہ بزنس کے بجائے سروس کے میدان میں چلا جائے۔ اگر آدمی اس طرح اپنا راستہ متعین کرے تو وہ یقیناً اپنے لیے اپنے موافق زندگی کی تعمیر میں کامیاب ہو جائے گا۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ اپنا آزادانہ جائزہ لیتا رہے۔ اس طرح وہ اپنے آپ کو دریافت کرے گا اور اپنے آپ کو سماج کا صحت مند ممبر بنانے میں کامیاب ہو جائے گا۔

‹ Previous page Next page › Contents of September 2015 All issues

Printed page